وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح ،خیبرپختونخوا میں آئی ڈی پیز اور پنجاب اور کے پی کے میں سیلاب متاثر ین کی بحالی نو کے اقدامات کا جائزہ ،آ ئی ڈی پیزکی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ، حکومت نے1.5بلین روپے جاری کر دئیے ہیں، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن

اتوار 22 مارچ 2015 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 مارچ۔2015ء)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں آئی ڈی پیز اور پنجاب اور کے پی کے میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی نو کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،اس موقع پرسیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ( ای اے ڈی )نے فاٹا کے آئی ڈی پیز کے بارے میں وزیرخزانہ کو اہم نکات سے آگاہ کیا،جس میں بتایا گیا کہ آئی ڈی پیزکی اپنے علاقوں میں واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اس ضمن میں حکومت نے1.5بلین روپے جاری کر دئیے ہیں،پہلے مرحلے میں فاٹا سیکرٹریٹ میں ہر خاندان کو واپس جانے کیلئے دس ہزار روپے اور دیگر معاملات کیلئے25000روپے مہیا کئے جارہے ہیں،یہ رقم نادرا کی تصدیق کے بعد سم کی تصدیق کے ذریعے دئیے جارہے ہیں،سیکرٹری نے مزید بتایا کہ فاٹا کے336762خاندانوں کو5مختلف مرحلوں میں مارچ2015ء سے دسمبر2016ء تک بھیجا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ کو بتایا گیا کہ ای ڈی پیز کی بحالی اور سیکورٹی کیلئے1.72 بلین ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے،وزیر خزانہ کو پنجاب اور کے پی کے میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے پر بھی بتایا گیا،وزیرخزانہ کو پاکستان فنڈفارڈیزاسٹر مینجمنٹ کے بدلے میں بتایا گیا جو متاثرہ لوگوں کی بحالی اور تعمیر نو کی ضروریات کیلئے بنایا گیا ہے،اس منصوبے کیلئے فنڈنگ حکومت،ترقیاتی پارٹنر اور انسانیت سے ہمدردی کرنے والوں کی مدد سے ترتیب دیا گیا ہے۔وزیرخزانہ کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کیلئے260 ملین ڈالر رقم کا تخمینہ لگایا گیا ہے،وزیرخزانہ نے اس موقع پر سیکرٹری ای اے ڈی کو ہدایت کی،اگلی ملاقات میں تعمیر نو اور بحالی پروگرام کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ پیش کریں