عدلیہ مخالف بینرزکیس، سپریم کورٹ کی ملوث ملزمان کیخلاف حتمی تحقیقات کیلئے آئی جی اسلام آباد کو آٹھ اپریل تک آخری مہلت

جمعہ 20 مارچ 2015 09:29

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مارچ۔2015ء ) سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں عدلیہ مخالف بینرز لگانے میں مبینہ طور پر ملوث ملزمان کیخلاف حتمی تحقیقات کیلئے آئی جی اسلام آباد طاہر عالم کو آٹھ اپریل تک آخری مہلت دے دی ہے اور ان پر واضح کردیا ہے کہ اگر وہ تحقیقات میں کامیاب نہ ہوسکے تو پھر یہ معاملہ کسی اور ادارے کے سپرد کردیا جائے گا ۔

جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اسلام آباد کے حساس ترین علاقے میں عدلیہ مخالف بینرز لگائے گئے مگر نو ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود پولیس تاحال ملزمان اور پس پردہ محرکات کو سامنے نہیں لاسکی ہے ۔ جسٹس اعجاز چوہدری نے ریمارکس دیئے ہیں کہ یہ کہنا بہت آسان ہے کہ اس طرح کا کام کے پیچھے ایجنسیاں ہیں ایجنسیوں کو جسٹس جواد ایس خواجہ سے کیا پرخاش ہوسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ایجنسیوں کا کہہ کر ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے نہ لگایا جائے ہم نے تو نہیں سنا کہ ایجنسیاں ایسا کام کرتی ہیں اگر کسی نے یہ کام کیا بھی تو وہ انفرادی حیثیت سے کیا ہوگا اس میں سارے ادارے کو شامل کرنا دانشمندی نہیں ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ ملزم راشد کا تعلق حساس ادارے کے کسی ملازم کے ساتھ تھا اور اس حوالے سے کوئی ٹھوس شہادت موجود ہے تو عدالت کو بتایا جائے عدالت وزارت دفاع کے ذریعے ان کو طلب کرے گی انہوں نے یہ ریمارکس جمعرات کے روز دیئے ہیں جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بینرز کیس کی سماعت کی اس دوران آئی جی اسلام آباد طاہر عالم اور دیگر افسران پیش ہوئے طاہر عالم نے بتایا کہ پانچ ملزمان کیخلاف کارروائی کی گئی ہے دو ضمانت پر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایس پی سٹی کی سربراہی میں نئی تحقیقاتی ٹیم مقرر کردی ہے جو اس حوالے سے تمام تر معاملات کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ دے گی ۔ ملزم راشد کے ٹیلی فون پر ایک حساس ادارے کے ایک شخص کا پتہ چلا تھا جس کے بارے میں ان سے رجوع کیاتھا ۔ انہوں نے زبانی جواب دیا تھا تحریری جواب کے لئے دوبارہ رابطہ کررہے ہیں اس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ ابھی تک اصل ملزمان تک نہیں پہنچ پارہے ہیں کیوں نہ آپ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیاجائے آئی جی نے کہا کہ معاملہ حساس ہے کسی کی جان بھی جاسکتی ہے اس پر عدالت نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو پھر قانون اپنا کام کرے گا احسن الدین شیخ نے کہا کہ پولیس جان بوجھ کر صحیح کام نہیں کررہی ہے یہ اگر چاہے تو مردے سے بھی اقرار جرم کرالے بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آٹھ اپریل تک ملتوی کردی عدالت نے نجی ٹی وی چینل کیخلاف توہین عدالت کی سماعت کی ان کے وکیل انور منصور کی جانب سے دائر درخواست پر نو اپریل تک ملتوی کردی ۔