ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی،سابق چیف ائیر مارشل طاہر رفیق بٹ نے کمان ائیر چیف مارشل سہیل امان کے حوالے کی، وطن عزیز کا دفاع پاک فضائیہ کی اولین ترجیح ، دشمنوں پر کاری ضرب لگا رہے ہیں، سابق ایئر چیف کا تقریب سے خطا ب

جمعہ 20 مارچ 2015 09:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مارچ۔2015ء) ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی۔ جمعرات کے روز ائیرفورس ہیڈ کوارٹر میں پاک فضائیہ کے سربراہ کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی ہے جس میں سابق چیف ائیر مارشل طاہر رفیق بٹ کو گارڈ آف آنر دیا گیا اور ائیرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے پاک فضائیہ کی کمان ائیر چیف مارشل سہیل امان کے حوالے کی۔

تقریب سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمہ میں پاک فضائیہ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ضرب عضب اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے پاک فضائیہ کا کردار اہم ہے۔ وطن عزیز کا دفاع پاک فضائیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ملک کے دشمنوں پر کاری ضرب لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کو حکومت کا بھرپور تعاون رہا ہے۔

(جاری ہے)

ساتھیوں کی رہنمائی سے پاک فضائیہ کی بہتری کے لئے کردار ادا کیا۔

ساتھیوں کی رہنمائی کے بغیر خدمات انجام دینا ممکن نہیں تھا۔ پاک فضائیہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا ہے۔ پاک فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے کردار ادا کیا۔ ائیریونیورسٹی کا شمار پاکستان کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے۔ طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے فضائیہ کے لئے رہائش‘ صحت اور تعلیم کی سہولیات دیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کا منظم ادارہ ہے۔ ائیرفورس نے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ سبکدوش چیف ائیرفورس ائر مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا کہ امید ہے سہیل امان پاک فضائیہ کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں گے اور پاک فضائیہ کو موثر ادارہ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر سہیل امان کو پاک فضائیہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :