پاکستان کو دنیا کا باقار اورپرامن ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے دہشت گردی کیخلاف ”ضرب عضب “آپریشن کامیابی سے جاری ہے، عابد شیر علی،فوج اور سیکورٹی ادارے قربانیاں دے رہے ہیں ایک ایک جان قیمتی ہے ،اب سیاسی دہشتگردی کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیئے،وزیر مملکت پانی و بجلی کی شیخ منیر احمد سے ملاقات

جمعہ 20 مارچ 2015 08:58

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مارچ۔2015ء)وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کا باقار اورپرامن ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے دہشت گردی کیخلاف ”ضرب عضب ،،آپریشن کامیابی سے جاری ہے،فوج اور سیکورٹی ادارے قربانیاں دے رہے ہیں ایک ایک جان قیمتی ہے ،اب سیاسی دہشتگردی کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں مسلم لیگ یوتھ ونگ راولپنڈی کے ڈویژنل سینئر نائب صدر شیخ منیر احمد سے ملاقات کے دوران کیا،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمار ا مشن ہے جسے احسن طریقے سے نبھارہے ہیں ۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت صوبے میں فلاح عامہ کے منصوبوں کی تیزرفتاری سے شفاف انداز میں تکمیل یقینی بنا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے کی ملک بھر کے طول وعرض میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔عوام کی خدمت کا سفر نئے جذبے اورمحنت سے جاری و ساری رہے گا۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک و قوم کو مسائل سے نکال کرترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔موجودہ حکومت خطیر وسائل عوام کی خدمت پر خر چ کر رہی ہے ،آنے والے چند دنوں میں بجلی و گیس بحران بتدریج کم ہونا شروع ہو جائے گا، وزیر اعظم محمد نواز شریف عوام کی دعاوں سے پانچ سال میں تمام وعدوں کو پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ایک انتہائی ایماندار اور باصلاحیت سیاستدان ہیں جن کیخلاف سیاسی دہشت گردی کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے،انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم نبرد آزما ہے اور یہ جنگ ہم نے مل کر جیتنی ہے، دہشت گرد اس وقت بھاگنے پر مجبور ہیں اور یوحنا آباد اور پولیو ورکرز پر حملے جیسی بزدلانہ کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں جس کی پوری قوم مذمت کرتی ہے۔