متحد قومی موومنٹ کے اہم رہنماوٴں کے گرد گھیرا تنگ کرنے فیصلہ ،متحدہ قائد الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے جانے کا امکان

جمعہ 20 مارچ 2015 08:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مارچ۔2015ء)سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کے اعترافی بیان کے بعد حکومت نے متحد قومی موومنٹ کے اہم رہنماوٴں کے گرد گھیرا تنگ کرنے فیصلہ کرلیا ہے جبکہ متحدہ قائد الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے جاسکتے ہیں ۔باوثوق ذرائع کے مطابق سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کے سنسنی خیز انکشافات کے بعد متحدہ قومی مومنٹ کے کئی رہنماوٴں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ایم کیو ایم کے صفِ اوٴل کے رہنماوٴں خالد مقبول صدیقی ، بابر غوری ، فیصل سبزواری ،فاروق ستار ،محمد حسین ، آصف حسنین سمیت دیگر کے نام ڈالے جائیں گے، جس کے لئے وزارتِ داخلہ جلد صوبائی حکومت اور دیگر اداروں کو اعتماد لے گی۔دو سری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ صولت مرزا نے اپنے اعترافی بیان میں انکشاف کیا تھا کہ متحدہ کی اعلیٰ قیادت جرائم میں ملوث ہے جس کے بعد اب امکان ہے کہ متحدہ قائد الطاف حسین کے بھی ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں ۔یاد رہے کہ پھانسی سے قبل اپنے آخری بیان میں صولت مرزا نے انکشاف کیا کہ اندرون اور بیرون ملک ایم کیو ایم کے سیکڑوں کارکنان ایسے ہیں، جو اپنے جرائم کا اعتراف کرنا چاہتے ہیں۔