الیکشن ٹربیونل فیصل آباد کا این اے 125 کی دوبارہ جانچ پڑتال کیلئے گنتی کا عمل آج سے شروع کرنے کا فیصلہ، ابتدائی طور پر دس پولنگ سٹیشنز کی ووٹروں کی جانچ پڑتال ہوگی،یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا

منگل 17 مارچ 2015 09:46

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مارچ۔2015ء ) الیکشن ٹربیونل فیصل آباد نے لاہور کے حلقہ این اے 125 کی دوبارہ جانچ پڑتال کیلئے گنتی کا عمل آج سترہ مارچ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ابتدائی طور پر دس پولنگ سٹیشنز کی ووٹروں کی جانچ پڑتال ہوگی اور یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا لاہور کے اس حلقہ سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مخالف امیدوار حامد خان تحریک انصاف کے امیدوار نے الیکشن میں دھاندلی اور جعلی ووٹ ڈالنے کے مبینہ الزامات کے تحت الیکشن ٹربیونل میں درخواست دائر کی تھی بعد ازاں الیکشن ٹربیونل لاہور نے اس کیس کی سماعت کو فیصل آباد الیکشن ٹربیونل کے سپرد کردیا تھا جنہوں نے مخالف امیدوار کی درخواست منظور کرتے ہوئے مرحلہ وار لاہور کے حلقہ این اے 125پولنگ سٹیشنوں سے ووٹوں کی جانچ پڑتال اور گنتی کا حکم دیا تھا ۔

خبر رساں ادارے کے مطابق خواجہ سعد رفیق منتخب ممبر قومی اسمبلی نے اس فیصلے کیخلاف عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ایک دو روز میں وہ الیکشن ٹربیونل کے اس فیصلے کیخلاف جس میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جانچ پڑتال اور نادرا کو انگھوٹوں کی نشاندہی کے فیصلے کیخلاف اپیل کرینگے