اوباما کی داعش کے ہاتھوں قتل ہونیوالی امریکی امدادی کارکن کے والدین سے ملاقات ،تعزیت کا اظہار

اتوار 15 مارچ 2015 09:41

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مارچ۔2015ء)امریکی صدر صدر براک اوباما نے شدت پسند گروپ داعش کی تحویل میں ہلاک ہونے والی امریکی امدادی کارکن کائیلا میولر کے والدین سے ملاقات کی ہے۔وائٹ ہاوٴس کے ترجمان ایرک شواٹز کے مطابق یہ تعزیت صدر اوباما نے میولر کی آبائی ریاست اریزونا کے دورے کے موقع پر کی۔"انھوں (صدر اوباما) نے میولر خاندان سے دنیا بھر میں ضرورت مندوں کی مدد کے لیے کائیلا کے جذبات اور عزم کے بارے میں سنا اور اسے سراہا۔

"26 سالہ کائیلا تقریباً 18 ماہ تک داعش کی تحویل میں رہیں اور اس گروپ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ماہ اردن کی فضائیہ کی طرف سے کی گئی ایک فضائی کارروائی میں ہلاک ہوگئیں۔امریکی حکام اس خاتون کے موت کے حالات و واقعات کے بارے میں سوالات اٹھاتے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

2014ء سے داعش نے یرغمال بنائے گئے متعدد لوگوں کے سرقلم کیے جن میں تین امریکی شہری بھی شامل ہیں۔

کائیلا نے اپنے خاندان کو ایک خط میں لکھا تھا کہ اسے یرغمال بنالیا گیا ہے لیکن اسے " ایک محفوظ مقام پر نہایت عزت و احترام اور کسی بھی خطرے کے بغیر رکھا گیا ہے۔"داعش نے گزشتہ سال شام اور عراق کے مختلف حصوں پر قبضہ کر کے وہاں خلافت کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ نے اس شدت پسند گروپ کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس کے خلاف فضائی کارروائیاں بھی شروع کر رکھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :