دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سیاسی جماعتیں ‘ مسلح افواج اور پوری قوم ایک صف پر ہیں،پرویز رشید، دہشت گرد جہاں بھی ہونگے ان کا صفایا کریں گے‘ پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنائیں گے‘ دہشت گرد کا مجرم کے علاوہ کوئی دوسرا نام نہیں چاہئے اس کا تعلق کسی کے ساتھ ہو، قومی ٹیم سے اچھے کھیل کی توقع ہے‘ ٹیم ہارے یا جیتے ہماری اپنی ٹیم ہے ، ٹیم جب اچھا نہیں کھلیتی تو عوام کو دکھ ہوتا ہے، سانحہ پشاور کے بچوں کی فنڈ ریزنگ کے لئے میڈیا الیون اور آسٹریلین ہائی کمیشن الیون کے درمیان چیئریٹی میچ کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 15 مارچ 2015 08:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مارچ۔2015ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سیاسی جماعتیں ‘ مسلح افواج اور پوری قوم ایک صف پر ہیں۔ دہشت گرد جہاں بھی ہونگے ان کا صفایا کریں گے‘ پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنائیں گے‘ دہشت گرد کا مجرم کے علاوہ کوئی دوسرا نام نہیں چاہئے اس کا تعلق کسی کے ساتھ ہو۔

قومی ٹیم سے اچھے کھیل کی توقع ہے‘ کیونکہ ٹیم جب اچھا نہیں کھلیتی تو عوام کو دکھ ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو اسلام آباد میں ای ٹی ٹرسٹ زیر اہتمام منعقدہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی فنڈ ریزنگ کے لئے میڈیا الیون اور آسٹریلین ہائی کمیشن الیون کے درمیان کھیلے جانے والے چیئریٹی میچ کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اچھے مقصد کے کھیل کے انعقاد پر وہ آسٹریلین ہائی کمشنر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آرمی پبلک سکول کے بچے ہمارے اپنے بچے ہیں شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا اور انہیں ہمیشہ یاد رکھتے ہوئے پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنائیں گے۔ جبکہ ملک میں دہشت گردی کا ماحول اب دوبارہ پیدا نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کا صرف ایک ہی نام ہے اور وہ مجرم ہے جبکہ ان کا کوئی دوسرا نام نہیں ہے چاہئے وہ کہیں بھی کسی کے پیچھے چھپنے کی کوشش کریں کیونکہ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں‘ مسلح افواج اور قوم ایک صف پر ہیں۔

اور اب ملک میں کسی کو جرم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد جہاں بھی ہونگے ان کا صفایا کیا جائے گا‘ کھیلوں کے میدان آباد کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ کرکٹ کے ماہر نہیں صرف شوق رکھتے ہیں‘ قومی کرکٹ ٹیم سے اچھے کھیل کی توقع ہے۔ وہ جیتیں یا ہاریں وہ ہماری ٹیم ہے لیکن جب پاکستان میچ ہارتا ہے تو قوم کو دکھ ہوتا ہے۔

قبل ازیں کھیلے جانے والے چیریٹی میچ میں میڈیا الیون نے آسٹریلین ہائی کمشن ایلیون کو سخت مقابلے کے بعد چھ رنز سے شکست دی۔ میڈیا الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر محسن علی 67 ‘ فیصل منصور 41‘ اور افضل جاوید 21 رنز کی بدولت 181 رنز بنائے جواب میں آسٹریلین ہائی کمیشن الیون کی ٹیم اخری اوور میں 175 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلین ہائی کمیشن کی طرف سے محمد شعیب 82 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ میڈیا الیون کی طرف سے شاکر عباسی اور ثمر عباس نے تین تین جبکہ محسن علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میڈیا الیون کے محسن علی کو مین آف دی میچ جبکہ محمد شعیب کو بہترین بلے باز قرار دیا گیا۔ اختتامی تقریب کے موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے انعامات تقسیم کئے اس موقع پر وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی‘ آسٹریلین ہائی کمشنر پیٹر ہیورڈ‘ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ‘ نیشنل پریس کلب کے صدر شہریار خان‘ ای ٹی ٹرسٹ کی چیئرمین پرسن نگہت سعید سمیت بڑی تعداد میں صحافی بھی موجود تھے۔