ایم کیو ایم کی فوج اور رینجرز کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت حدوں کو چھو رہی ہے،چوہدری نثار ،دنیا کے کسی اور ملک اور معاشرے میں اپنی ہی فوج کے خلاف اس قسم کی زبان استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے ،وفاقی وزیر داخلہ کا بیان ،ایم کیو ایم کی طرف سے فوج اور رینجرز پر تنقید بلا جواز ہے‘ کراچی میں امن کیلئے آپریشن کا فیصلہ تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر کیا گیا تھا‘یہی ایم کیو ایم چند روز قبل تک مارشل لاء کا مطالبہ کر رہی تھی اب رینجرز نے کراچی میں امن کی بحالی کیلئے اقدامات کئے ہیں تو ایم کیو ایم کیوں شور مچا رہی ہے،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کراچی میں رینجرز کی کارروائیوں کیخلاف ایم کیو ایم کے احتجاج پر ردعمل

اتوار 15 مارچ 2015 08:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم کی جانب سے فوج کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی فوج اور رینجرز کے خلاف ہرزاسرائی ناقابل برداشت حدوں کو چھو رہی ہے ،دنیا کے کسی اور ملک اور معاشرے میں اپنی ہی فوج کے خلاف اس قسم کی زبان استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔

وزارت داخلہ ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ وہی فوج ہے جس کو کراچی حوالے کرنے کا مطالبہ خود ایم کیو ایم کرتی تھی ۔ یہ وہی فوج ہے جس کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کی بار بار ایم کیو ایم تعریف کرتی رہی ۔ یہ وہی فوج ہے جس کے ساتھ 9سال ایم کیو ایم شریک اقتدار رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاہے کہ یہ کیسی منطق ہے کہ ایک دن فوج کے حق میں اور اگلے دن اس کے خلاف قابل مذمت زبان استعمال کی جائے ۔

(جاری ہے)

اگر ایم کیو ایم کا موقف درست ہے تو پاکستان کی آزاد عدلیہ سے رجوع کریں لیکن اس قسم ردعمل سے قانون کا مذاق نہ اڑائیں ۔ادھروزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی طرف سے فوج اور رینجرز پر تنقید بلا جواز ہے‘ کراچی میں امن کیلئے آپریشن کا فیصلہ تمام جماعتبوں کو اعتماد میں لے کر کیا گیا تھا‘یہی ایم کیو ایم چند روز قبل تک مارشل لاء کا مطالبہ کر رہی تھی اب رینجرز نے کراچی میں امن کی بحالی کیلئے اقدامات کئے ہیں تو ایم کیو ایم کیوں شور مچا رہی ہے۔

ہفتہ کی شب ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی میں رینجرز کی کارروائیوں کیخلاف ایم کیو ایم کے احتجاج پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ رینجرز اور مسلح افواج دہشت گردی کیخلاف ملکی استحکام و سلامتی کیلئے امن کے قیام کیلئے لڑ رہی ہے اور پاکستان میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی ملک کا معا شی حب ہے اور پاکستان کی اکانومی کراچی کے امن سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی میں قیام امن کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آپریشن کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چند روز قبل تک یہی ایم کیو ایم ملک میں مارشل لاء کا مطالبہ کر رہی تھی مگر اب کیوں شور مچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی فوج اور رینجرز پر تنقید بلا جواز ہے اور وہ ملک میں قیام امن کیلئے جانیں قربان کر رہے ہیں او ران کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔