فیصل آباد، دیرینہ دشمنی کی بناء پر تین مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے مخالفین کے 4 افراد کو دن دہاڑے قتل کر دیا، فریقین کی دشمنی کے نتیجہ میں اب تک 13 افراد موت کی بھینٹ چڑھ چکے

ہفتہ 14 مارچ 2015 09:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مارچ۔2015ء) دیرینہ دشمنی کی بناء پر تین مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے مخالفین کے 4 افراد کو پولیس تھانہ کے سامنے دن دہاڑے قتل کر دیا۔ فریقین کی دشمنی کے نتیجہ میں اب تک 13 افراد موت کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق فیصل آباد کے نواحی گاؤں 228 ر ب کے شہزاد اور عدنان وغیرہ کے درمیان دیرینہ دشمنی چل رہی تھی قبل ازیں فریقین کے 9 افراد قتل ہو چکے تھے آج مقتول عدنان‘ قاسم‘ واجد اور لیاقت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا محمد سلیم کی عدالت میں پیشی کے لئے آئے تھے جب وہ پیشی سے فارغ ہو کر کار میں سوار جڑانوالہ پولیس تھانے کے قریب پہنچے تو اچانک ان کے مخالفین اشتہاری شہزاد‘ ریاض‘ عمر دراز نے اندھا دھند فائرنگ کر کے چاروں کو موقع پر ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں تینوں ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے اس واقعہ کے بعد مقتولین کے لواحقین نے تھانہ اور کچہری کے سامنے پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور خواتین نے تھانے کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کر کے دکانیں بند کر دیں اور راہ گیروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا مگر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ خبر رساں ادارے کو ذرائع کے بتایا کے مقتولین اور ان کے رشتہ داروں نے پرانی دشمنی کی وجہ سے پولیس کو پہلے ہی سیکیورٹی فراہم کرنے کا کہا تھا چنانچہ ایس پی جڑانوالہ نے پولیس کو سختی سے ہدایت کی تھی کہ پولیس مسلح گارد کے ذریعے مقتولین کو عدالت تک پہنچائے اور واپسی بھی حفاظت کے ساتھ یقینی بنائی جائے۔

مگر پولیس نے گارد فراہم کرنے کے بجائے ایک تھانے دار سلیم کو کار سوار کر کے مقتولین کی حفاطت کے لئے بھجوا دیا۔ چنانچہ پولیس کی غفلت کی وجہ سے چار افراد کی موت واقع ہو گئی قبل ازیں کسی دشمنی کے نتیجہ میں مقتول عدنان وغیرہ نے ملزمان ریاض اور شہزاد وغیرہ کے سات افراد قتل کئے تھے جبکہ ملزمان نے آج کے چار قتل سے پہلے مقتولین کے دو رشتہ داروں کو پہلے ہی قتل کر چکے تھے۔ اس طرح اس دشمنی کے نتیجہ میں اب تک 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :