آئندہ دو تین سال میں لوڈ شیڈنگ ماضی کا حصہ بن جائے گی۔خواجہ آصف ، بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز اتارنے پڑے تو اتاریں گے،وزیر پانی وبجلی کا آئیسکو کے ملازمین کے قتل پر ان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب

ہفتہ 14 مارچ 2015 09:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مارچ۔2015ء)وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں بجلی چور احتجاج کرتے ہیں ، بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز اتارنے پڑے تو اتاریں گے ، آئندہ دو تین سال میں لوڈ شیڈنگ ماضی کا حصہ بن جائے گی۔اسلام آباد میں آئیسکو کے ملازمین کے قتل پر ان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران کسی کی جان لینا انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا چوروں کے جلسوں کی کوریج کرتا ہے ، بجلی چور واپڈا کے دفاتر پر حملہ کرتے ہیں، خواجہ آصف نے کہا کہ جہاں واجبات نہیں ملیں گے وہاں بجلی فراہم نہیں کی جائے گی۔ ایسے علاقوں میں ٹرانسفارمرز اتارنے پڑے تو اتاریں لیں گے۔

(جاری ہے)

جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں ہمیں زیادہ فعال ہونا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ صرف 8 سے دس گھنٹے کی جا رہی ہے جہاں اٹھارہ یا بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے وہاں بجلی چوری ہوتی ہے۔

پاکستان واحد ملک ہے جہاں بجلی چوروں کے جلوس نکلتے ہیں، کسی میڈیا چینل کو یہ توفیق نہیں ہوتی کہ وہ یہ بتائے کہ احتجاج کرنے والے بجلی چور ہیں۔ ہم نے پہلی مرتبہ انڈسٹری کو لوڈشیڈنگ فری کر دیا ہے جبکہ ٹرانسمیشن سروس کو اپ ڈیٹ کر رہے ہیں ، آئندہ دو تین سال میں لوڈ شیڈنگ ماضی کا حصہ بن جائے گی۔

متعلقہ عنوان :