جوڈیشل کمیشن ،سیاسی جرگہ نے فائنل ڈرافٹ پی ٹی آئی اور ن لیگ کو بھجوا دیا،رحمن ملک کی رہائش گاہ پر سیاسی جرگے کا اجلاس ،تحریک انصاف اور پی ٹی آئی کی تجاویز کو فائنل ڈرافٹ تیار کیا ،جرگے کے چاروں نے دستخط کئے ،جمہوریت کی بس میں تمام سیاسی جماعتیں سوار ہیں ،بس کو شدید خطرات لاحق ہیں، جوڈیشل کمیشن کا مسئلہ جلد حل کرنا چاہتے ہیں، عام آدمی کا مسئلہ آٹا ،دال ،گھی اور چینی ہے ،سراج الحق ،ہم چاہتے ہیں جمہوریت کی بس چلتی رہے کہیں ”بس “ ہی نہ ہو جائے ،رحمن ملک

ہفتہ 14 مارچ 2015 08:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مارچ۔2015ء)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بس کو بہت سے خطرات لاحق ہیں ،جمہوریت ایک ہی جگہ پر رک گئی ہے آگے چلنے میں مشکلات ہیں،ہماری کوشش ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے جلد از جلد مسئلہ حل ہو جائے تا کہ عوامی مسائل کی طرف بڑھا جا سکے ،جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے حتمی ڈرافٹ دونوں جماعتوں کو بھجوا دیا گیا ہے 2 دنوں میں سب کچھ سامنے آ جائے گا۔

جمعہ کے روز جوڈیشل کمیش کے حوالے سے سیاسی جرگہ کا اجلاس رحمن ملک کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ۔اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق ،نیشنل پارٹی کے رہنما حاصل بزنجو اور جی جی جمال نے شرکت کی ۔اجلاس میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خطوط کا جائزہ لیا گیا اور دونوں جماعتوں کی تجاویز کو مد نظر رکھ کر ایک حتمی ڈرافٹ تیار کیا جس میں سیاسی جرگے کے دستخط بھی کئے گئے ہیں یہ ڈرافٹ مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کو بھجوا دیئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت عام آدمی کا مسئلہ آٹا ،دال ،گھی اور چینی ہے ،عام آدمی چاہتا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عام آدمی کا مسئلہ حل کریں،جمہوریت کی بس کوبہت سے خطرات لاحق ہیں جس میں ہم سب سوار ہیں ،انہوں نے کہا کہ جمہوریت آگے نہیں بڑھ رہی بلکہ ایک ہی جگہ رکی ہوئی ہے ۔جمہوریت کی بس ایک ہی جگہ کھڑی ہے ،بس کا انجمن شور کررہا ہے لیکن آگے نہیں چل رہی ۔

ہم چاہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے مسئلہ جلد از جلد حل ہو جائے تا کہ جمہوریت رواں دواں ہو سکے ۔بعد ازاں رحمن ملک نے کہا کہ جمہوریت کی بس ایک ہی جگہ رک گئی ہے۔ہم چاہتے ہیں یہ بس چلتی رہے کہیں ”بس “ ہی نہ ہو جائے ۔رحمن ملک نے کہا کہ ہم نے دونوں سیاسی جماعتوں کو خطوط لکھے کہ کیا وہ سیاسی جرگے کے کردار کو مانتے ہیں جس کے بعد دونوں سیاسی جماعتوں نے جواب خطوط لکھے اور سیاسی جرگے کے کردار کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں جماعتوں کو آخری حل دے رہے ہیں ،اب وقت آگیا ہے کہ اس مسئلہ کو فوری طور پر حل ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دونوں سیاسی جماعتوں کی تجاویز کو سامنے رکھ آخری ڈرافٹ تیار کیا جس پر سیاسی جرگے دستخط کئے ہیں اور یہ ڈرافٹ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کو بھجوا دیئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم ثالثی کا کردار ادا کررہے ہیں اور دونوں جماعتوں نے ہمارے سیاسی کردار کو مان چکی ہے انہوں نے کہا کہ اب یہ مسئلہ حل ہو جانا چاہیے اورہماری کوشش ہے کہ آئندہ دو دنوں میں جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے مسئلہ حل ہو جائے