وزیراعظم کی جامشورو میں 660 میگا واٹ کے دو الگ الگ بجلی گھروں کی تعمیر و 2018ء تک ہر صورت میں مکمل کرنے کی ہدایت، آئندہ موسم گرما میں شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کو چھ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں آٹھ آٹھ گھنٹے تک محدود رکھا جائے، نواز شریف

جمعہ 13 مارچ 2015 08:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مارچ۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے جامشورو میں 660 میگا واٹ کے دو الگ الگ بجلی گھروں کی تعمیر و 2018ء تک ہر صورت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے گیارہویں ا جلاس کی صدارت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جامشورو میں 1320 میگا واٹ کے بجلی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں تاکہ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامشورو توانائی منصوبے کی 2018ء کے آغاز تک تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے موثر اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں اس موقع پر کمیٹی نے کوئلے سے 3600 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم کو بتایا کہ اس منصوبے کے لیے اخراجات عوامی شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کے ذریعے فراہم کئے جائینگے اس پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو فروری 2017ء تک مکمل کیاجائے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ موسم گرما میں شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کو چھ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں آٹھ آٹھ گھنٹے تک محدود رکھا جائے اس موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ موسم گرما تک نیشنل گرڈ میں 1500 میگا واٹ سے زائد اضافی بجلی دستیاب ہوگی جو گڈو ، نندی پور سمیت ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں سے حاصل کی جائے گی وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں بجلی کی بچت اور چوری روکنے کے لئے مزید ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے علاوہ دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے ۔