کراچی ،رینجرز نے نائن زیرو مرکز پر چھاپے کے دوران گرفتار کئے گئے رابطہ کمیٹی کے رکن عامرخان سمیت 27 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا ،عدالت نے تمام ملزمان کو 90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا ، نائن زیرو پررینجرزآپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے 3افراد کورینجرز نے تفتیش کے بعد رہا کردیا، نائن زیرو پررینجرزآپریشن کی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی،آپریشن میں گرفتارملزمان میں20ٹارگٹ کلرزبھی شامل ہیں،رپورٹ

جمعہ 13 مارچ 2015 08:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 مارچ۔2015ء)رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار ہونے والے رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان اور متحدہ کے سابق وزیر منیر شیخ سمیت 27 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا ،عدالت نے 90 روز کا ریماند دیتے ہوئے تمام ملزمان کو رینجرز کی تحویل میں دے دیئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار کئے گئے 60 ملزمان میں سے27 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ،اس موقع پر عدالت کے باہر بھاری مقدار میں رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ،27 ملزموں کی آنکھوں پر کالی پٹیاں باندھ کر انتہائی سخت سکیورٹی کے پہرے میں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت کے احاطہ میں ملزمان کی آنکھوں سے پٹیاں اتاری گئیں۔

(جاری ہے)

رینجرز حکام نے عدالت کو بتایا کہ نائن زیرو پر چھاپے کے دوران ٹارگٹ کلر سمیت انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار ہوئے ہیں اور کچھ ملزمان قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں جنہیں پہلے عدالت سے سزا ہو چکی ہے ،رینجرز نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان نے اہم انکشافات کئے ہیں اور مزید پوچھ گچھ کیلئے ملزمان کو رینجرز کی تحویل میں دیا جائے ۔عدالت نے رینجرز کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا ہے ادھرمتحدہ قومی مومنٹ کے مرکز اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے گھرنائن زیرو پررینجرزآپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے 3افراد کورینجرز نے تفتیش کے بعد رہا کردیاگیا،رہاکیے گئے کارکنان کسی بھی جرم میں ملوث نہیں پائے گئے تھے ۔

تینوں افراد کورینجرز نے تفتیش کے بعدرہا کردیا۔رہائی پانیوالوں میں پرویز،عظیم اورخرم شامل شامل ہیں جبکہ متحدہ قومی مومنٹ کے مرکز اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے گھرنائن زیرو پررینجرزآپریشن کی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی ہے ،رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن میں گرفتارملزمان میں20ٹارگٹ کلرزبھی شامل ہیں،نائن زیروسے30 ہزارگولیاں اور130جدیدہتھیاربرآمد ہوئے،ملزمان نے اپناتعلق ایم کیوایم سے بتایا۔

باخبر ذرائع کے مطابق نائین زیرو پر رینجرز آپریشن کی رپورٹ مرتب کر دی گئی ہے جو کہ جمعرات کو وزارت داخلہ کو ارسال کر دی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ آپریشن وزیراعلیٰ سندھ کواعتماد میں لیکرکیاگیاتھا ۔آپریشن میں گرفتارملزمان میں20ٹارگٹ کلرزبھی شامل ہیں،نائن زیروسے30 ہزارگولیاں اور130جدیدہتھیاربرآمد ہوئے،ملزمان نے اپناتعلق ایم کیوایم سے بتایاہے۔ زیرحراست ملزمان سے پوچھ گچھ کاعمل جاری ہے ،رپورٹ کے مطابق مذکورہ آپریشن میں گرفتار27 افراد کیخلاف پہلے سے مقدمات درج ہیں