کراچی ،ایم اے جناح روڈ اور شارع لیاقت پر 20منٹ کے دوران فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 4پولیس اہلکار جاں بحق ،دو زخمی ،کئی گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں ، علاقے میں خوف و ہراس ، بھگدڈ مچ گئی

بدھ 11 مارچ 2015 08:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مارچ۔2015ء)کراچی کی مصروف شاہراہ ایم اے جناح روڈ اور شارع لیاقت پر 20منٹ کے دوران فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 4پولیس اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ہیں ، فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ کئی گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھااور بھگڈر مچ گئی تھی ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے تھے ۔

تفصیلات کے مطابق پریڈی تھانے کی حدود ایم اے جناح روڈ گل پلازہ کے قریب منگل کی شب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مدد گار 15کی پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سمیت دو اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایک اور سپاہی دم توڑ گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 50سالہ اے ایس آئی ریاست،سپاہی 40سالہ سعید اور سپاہی 35سالہ محمد راشد شامل ہیں جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل 35سالہ جہانزیب ولد کالو خان کے نام سے ہوئی ہے ۔ایس ایس ساوٴتھ طارق دھاریجو کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان نے 15 کی موبائل پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکارجاں بحق ہوگئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق و زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور واقعہ کی تفتیش کی جارہی ہے جس کے بعد حقائق سامنے آئینگے ۔مذکورہ واقعہ کے 20منٹ بعد ہی ایک کلو میٹر کے فاصلے پر آرام باغ تھانے کی حدودمیں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا جنہیں سول اسپتال منتقل کیاگیا ۔

پولیس کے مطابق مقتول پولیس اہلکار کی شناخت 40سالہ محمد شکیل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت مجاہد کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق مقتول و زخمی اہلکار آرام باغ تھانے کی حدود میں شارع لیاقت کے قریب عباس بیکری کے سامنے موٹر سائیکل پر گشت کررہے تھے کہ اس دوران انہیں دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔پولیس کے مطابق مقتول اے ایس آئی پریڈی پولیس لائن کا رہائشی جبکہ سپاہی راشد لیاقت آباد اور سپاہی سعید گلشن اقبال کا رہائشی تھا ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے پریڈی واقعہ کے بعد جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ یہ واقعہ پولیس کے حوصلے پست کرنے کی کوشش لگتی ہے۔

گل پلازہ اور پاکستان بازار فائرنگ کے واقعے میں مماثلت ہے۔ واقعہ میِں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے دہشتگردوں کی تعداد 4 تھی جو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس پرحملہ کرنیوالے دہشت گردوں کو نہیں چھوڑینگے،گزشتہ روزہم نے دہشت گردوں کیخلاف بھرپور آپریشن کیا تھا،پولیس اہلکاروں پرفائرنگ گزشتہ روزآپریشن کا ردعمل ہے،د وسری جانب وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے 4 پولیس اہلکاروں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر میں امن و امان کے لیے مزید اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :