وفاقی حکومت نے بیرون ملک تعینات تمام ٹریڈافسرا ن کو ملک واپس بلانے اور نئے افسران تعینات کرنے کی منظوری دیدی،ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل روا ں سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائیگا۔ذرائع

بدھ 11 مارچ 2015 09:20

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مارچ۔2015ء )وفاقی حکومت نے بیرون ملک تعینات تمام پاکستانی ٹریڈافسرا ن کو ملک واپس بلانے اور ان کی جگہ پر نئے ٹریڈ افسران تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے،نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل اس سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائیگاجبکہ ٹریڈ افسران کی ملک واپسی کا عمل اپریل سے شروع کئے جانے کاامکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک تعینات موجودہ ٹریڈ افسران کی دو سالہ تعیناتی کا عمل پیپلز پارٹی کے دور حکومت کے آخری ایام مارچ 2013میں شروع کیاگیا تھا ، ان تمام 55ٹریڈ افسران کی ملک واپسی اور ان کی جگہ پر نئے ٹریڈافسران کی تعیناتی کیلئے وزارت تجارت نے وزیر اعظم کو منظوری کیلئے سمریبجھوائی تھی جس کی اب منظوری دیدی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی دو سال کے عرصہ کیلئے کی جائیگی اور ان کا تحریر ی امتحان لاہوریونیورسٹی آف مینجمنٹ سائسنسز( لمز) لے گا،تحریری امتحان کیلئے 80فیصد اورباقی ماندہ20فیصد نمبر انٹرویوز اور امیدواروں کی کارکردگی سے متعلق رکھے گئے ہیں ،ٹریڈ افسران کی تعیناتی تمام گروپس کیلئے اوپن ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ نئے ٹریڈ افسران کا تقرر کرنے کیلئے کم از کم 6سے 8ماہ کا عرصہ درکار ہو گا اورامیدواروں سے انٹرویو لینے کا پینل بعد ا زاں وزیر اعظم کی منظوری سے بنے گا۔نئے ٹریڈافسران کو بیرون ملک پاکستانی سفارتکانوں میں ٹریڈ منسٹر ،کونسل جنرل ،کمرشل قونصلر اور کمرشل سیکرٹری کے عہدیوں پر تعینات کیا جائیگا۔