این اے 122کے نتائج آجائیں ، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائیگا ، عمران خان ، خیبرپختونخواہ میں ٹمبر مافیا کیخلاف جہاد کا اعلان کردیا ہے ،نگہبان فورس کو جنگلات کی فضائی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کردیئے ہیں ، جنگلات اور نرسریوں سے 5لاکھ افراد کو روزگار ملے گا ،رضا ربانی کے حوالے سے پارٹی سے مشاورت کے بعدبات کرونگا ،کے پی کے نے پہلی بار غیر ملکی شہزادے کو جرمانہ کرکے مثال قائم کرکے پرانے اور نئے خیبر پختونخواہ میں فرق واضح کردیا ،شجر کاری مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 مارچ 2015 09:11

چکدرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مارچ۔2015ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 122 کے نتائج کا فیصلہ آنے کے بعد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا ۔ سردار ایاز صادق کو اگر کوئی خوف نہیں تھا تو ایک سال حکم امتناعی کیوں لے رکھا تھا ۔ خیبر پختونخواہ میں ٹمبر مافیا کیخلاف جہاد کا اعلان کر دیا ہے ٹمبر مافیا کیخلاف بلاتفریق کارروائی کرینگے ۔

نگہبان فورس کو ہیلی کاپٹر فراہم کریں گے جس سے وہ جنگلات کی فضائی نگرانی کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز چکدرہ میں شجر کاری مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے میں ٹمبر مافیا کو کنٹرول کرنے کے لیے نگہبان فورس کا قیام عمل میں لارہے ہیں نگہبان فورس سے جنگلات کی حفاظت کے ساتھ مقامی افراد کو روزگار کا موقع بھی ملے گا ۔

(جاری ہے)

جنگلات اور نرسریوں سے پانچ لاکھ افراد کو روزگار ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے نگہبان فورس کے نوجوانوں کو گاڑیاں اور ہیلی کاپٹر بھی فراہم کرینگے جو صوبے بھر میں جنگلات کی فضائی نگرانی کرے گا ۔ عمران خان نے کہا کہ این اے 122 میں اگر دھاندلی نہیں ہوئی تو ایاز صادق نے ایک سال حکم امتناعی کیوں لے رکھا تھا تب ہی حکم امتناعی کیوں لیا ۔

نادرا سے ووٹوں کی تصدیق سے حقیقت سب کے سامنے آجائے گی رضا ربانی کے حوالے سے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ اس معاملے پر پارٹی سے مشاورت سے پہلے بات نہیں کرسکتا ۔ پارٹی سے بات کروں گا جو سب کی رائے ہوگی وہی فیصلہ میرا بھی ہوگا ۔ عمران خان نے کہا کہ پی کے پی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار غیر ملکی شہزادے کو جرمانہ کرکے مثال قائم کی ہے آج تک کسی غیر ملکی کو پاکستان میں جرمانہ نہیں ہوا لیکن کے پی کے حکومت نے قطری شہزادے کو پچاس ہزار روپے کا جرمانہ کیا قطری شہزادے نے ڈی آئی خان سے غیر قانونی طور پر تین باز پکڑے تھے جس پر اسے جرمانہ کیا گیا عمران خان نے کہا کہ جرمانے کے پی کے اور پرانے کے پی کے میں فرق واضح ہوگیا ہے ۔