ملک کو مشکلات سے نکالنے اور ترقی کا واحد راستہ اتحاد ہے ،نواز شریف، ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت جیتیں گے ،کراچی لاہور موٹروے کا جلد افتتاح کروں گا،2017 ء تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی ،ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کر دیں گے،ملتان میں نئے ائیر پورٹ سے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،ملتان میں29 ارب کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ،ملتان شہر میں انٹر سٹی رنگ روڈ تعمیر کیا جائیگا اور اس کے لئے وفاقی حکومت فنڈز مہیا کرے گی،وزیر اعظم کا ملتان ائیرپورٹ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 10 مارچ 2015 10:24

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مارچ۔2015ء)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کیلئے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے ، ملک کو مشکلات سے نکلنے اور ترقی کا واحد راستہ اتحاد ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت جیتیں گے ،کراچی لاہور موٹروے کا جلد افتتاح کروں گا،2017 ء تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی ،ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کر دیں گے،ملتان میں نئے ائیر پورٹ سے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ ملتان میں29 ارب کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ،ملتان شہر میں انٹر سٹی رنگ روڈ تعمیر کیا جائیگا اور اس کے لئے وفاقی حکومت فنڈز مہیا کرے گی۔

پیر کے روز وزیر اعظم نواز شریف نے ملتان میں نئے ائیر پورٹ کا افتتاح کر نے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان آ کر بہت خوش ہوں ،ملتان اولیائے کرام کا شہر ہے ،آج کی تقریب میں یوسف رضا گیلانی شرکت باعث فخر ہے ،یوسف رضا گیلانی نے اس نئے ائیر پورٹ کی بنیاد رکھی تھی اور ہم نے اس منصوبے کو مکمل کر کے افتتاح کر دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ایسا ہی ہو نا چاہیے ایک حکومت ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھے اور دوسری آنے والی حکومتیں مکمل کر کے افتتاح کریں اگر ایسا جاری رہے تو ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا،اس سے معیشت مضبوط ہوگی اور خطے میں استحکام بھی آئے گا،وزیر اعظم نے کہا کہ ملتان کے لوگ محبت،خلوص سے مالا مال ہیں،ملتان کی سوغاتیں آم اور حلوہ بہت مشہور ہیں ،نئے ائیر پورٹ کی تعمیر سے ملتان والوں اب لاہور اور کراچی نہیں جانا پڑے گا ،تارکین وطن کو اپنے گھر میں ہی ائیر پورٹ کی سہولت مل گئی ہے جو ان کا حق ہے ۔

(جاری ہے)

تارکین وطن کی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے ،تارکین وطن آم ،حلوے کی سوغاتوں کی خوشبوئیں بیرون ملک لیکر جا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے ملتان مرکزی حیثیت رکھتا ہے ،ملتان کا نیا ائیر پورٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا درجہ رکھتا ہے ،نئے ائیر پورٹ سے خطے کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اس سے عالمی برآمدات میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگاجس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آج وقت متحد ہوکر چلنے کا ہے۔قومی ایکشن پلان پر سیاسی و عسکری قیادت متفق ہیں،دہشت گردی کیخلاف جنگ ہر حال میں جیتیں گے ،مشکلات سے نکلنے اور ترقی کا واحد راستہ اتحاد ہے ،دہشت گردی کے خلاف قوم کا اتحاد قابل فخر ہے ،ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہونے کے لئے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ 2017 ء تک دس ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آئے گی جس سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عوام کو بجلی سستی فراہم کی جائے اس حوالے سے ہم نے کوئلے ،ایل این جی اور ہائیڈرو پاور منصوبے شروع کررہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی اور لاہور موٹروے کیلئے زمین کی خریداری کیلئے55 ارب روپے ادا کر دیئے ہیں ،جلد حیدر آباد اور سکھر جاؤں گا اور نئے موٹروے کا افتتاح کروں گا،انہوں نے کہا کہ اس نئے موٹروے سے سکھر اور ملتان کو آپس میں ملایا جائیگا جس سے نہ صرف ملتان بلکہ ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،ہماری کوشش ہے کہ 2017 ء کراچی لاہور موٹروے کو مکمل کیا جائے ،وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی لاہور موٹروے کی تعمیر سے مسافر جہاز کی بجائے موٹروے پر سفر کرنا پسند کریں گے ،وزیر اعظم نے کہا کہ فیصل آباد موٹروے پر تیزی سے کام جاری ہے جو جلد مکمل کیا جائیگا جبکہ ملتان کو سکھر سے ملانے کے لئے موٹروے بنائیں گے جس کے لئے 242 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جب بھی اقتدار میں آئے ہیں ملک میں انفراسٹرکچر اور کمیونیکشنز پر بہت توجہ دی ہے اور اب بھی اسی پالیسی پر گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے ائیر پورٹ ملتان کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا،ملتان میں میگاپراجیکٹ بھی شروع کر دیئے گئے ہیں ،ملتان میں29 ارب کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ،شہباز شریف ہسپتال کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے جبکہ نشتر ہسپتال برن یونٹ کا مکمل ہوگیا، وزیر اعظم نے ملتان کے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ملتان شہر میں انٹر سٹی رنگ روڈ تعمیر کیا جائیگا اور اس کے لئے وفاقی حکومت فنڈز مہیا کرے گی اور پنجاب حکومت اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف ملتان میں ترقیاتی کاموں پر ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور پنجاب حکومت ملتان میں صرف سڑکوں کی تعمیر کیلئے31 کروڑ روپے خرچ کررہی ہے جس سے ملتان شہر کو دوسرے شہروں کے ساتھ ملایا جائیگا،اور سفری سہولیات کو آسان بنایا جائیگا جبکہ ملتان میں چلڈرن ہسپتال بھی آخر ی مراحل میں ہے جس پر 8 کروڑ روپے لاگت آئے گی ،جس سے ملتان والوں کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔