لاپتہ ملائیشین طیارے کی عبوری رپورٹ جاری، کوئی نیا اشارہ نہیں ملا

پیر 9 مارچ 2015 09:54

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مارچ۔2015ء)ملائیشیا کی ایئر لائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کے لاپتہ ہو جانے کے ایک سال بعد جاری ہونی والی غیر حتمی رپورٹ میں اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملتا کہ آخر اس طیارے کو ہوا کیا تھا۔عبوری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ روشنی جس سے سمندر کے اندر طیارے کے حادثے کے مقام کی نشاندھی ہو سکتی تھی اس کی بیٹری ایک سال پہلے ہی دم توڑ چکی تھی، تاہم رپورٹ میں یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس بیٹری کے ختم ہو جانے سے تلاش کے عمل پر کوئی اثر ہوا یا نہیں۔

طیارے کے لاپتہ ہونے کے ایک سال بعد بھی ملائیشیا اور آسٹریلیا کا دعویٰ ہے کہ وہ اس طیارے کو تلاش کرنے کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں۔اتوار کو طیارے میں سوار 239 مسافروں اور عملے کے ارکان کے لواحقین نے اپنے عزیزوں کی یاد میں دعائیہ تقاریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملائشیا کی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی عبوری رپورٹ میں گمشدہ طیارے کے بارے میں بے شمار تکنیکی معلومات کے علاوہ طیارے کی مرمت اور دیکھ بھال کا ریکارڈ، عملے کے ارکان کا پس منظر اور آخری پرواز کے دوران شہری ہوابازی اور فوجی ریڈاروں میں طیارے کی پرواز کا ریکارڈ شامل ہیں۔

بی بی سی کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ کاک پِٹ میں آواز ریکارڈ کرنے والے آلے کی بیٹری کام کر رہی تھی لیکن چونکہ فلائیٹ ڈیٹا ریکارڈر کی بیٹری کی مدت ختم ہو گئی تھی، اس لیے اس بات کے امکانات کم ہو گئے تھے کے تلاش کرنے والا عملے کو معلوم ہوتا کہ طیارہ کس مقام پر گرا تھا۔جوناتھن ہیڈ کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ میں کوئی ایسی نئی معلومات نہیں ہیں جن سے پتہ چلتا کہ طیارہ کہاں گیا یا اس کے ساتھ کیا بیتی۔

طیارے کو تلاش کرنے والی ٹیمیں اپنا کام شمالی بحرِ ہند میں 60 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے میں کر رہی ہیں۔آسٹریلیا کے وزیر اعظم ٹونی ایبٹ کا کہنا ہے کہ اگر اِس علاقے میں طیارے کی تلاش میں ناکامی ہوتی ہے اور ہمیں کسی دوسرے مقام کی جانب کوئی ممکنہ اشارے ملتے ہیں تو وہاں پر بھی تلاش شروع کی جا سکتی ہے ۔ہفتہ کے روز ملائیشیا کے ٹرانسپورٹ کے وزیر کا کہنا تھا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ ایک سال پہلے لاپتہ ہونے والا طیارے ایم ایچ 370 کو جنوبی بحر ہند میں تلاش کر لیا جائے گا۔

لیو ٹی اونگ لائی نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ طیارے کے ملنے تک اس کی تلاش جاری رہے گی۔خیال رہے کہ ملائیشیا کی پرواز ایم ایچ 370 گزشتہ برس آٹھ مارچ کو لاپتہ ہوگئی تھی اس میں 239 افراد سوار تھے۔ یہ جہاز کوالالمپور سے بیجنگ جا رہا تھا۔