افغان وزیر مہاجرین پاکستانی حکام سے مہاجرین کے مسائل پر مذاکرات کیلئے پاکستان پہنچ گئے،سید حسین بلخی کی افغان مہاجرین کے نمائندوں سے ملاقات ، مسائل سنے ، مسئلہ حکومت کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی ، افغانستان کی نئی حکومت نے مہاجرین کی واپسی کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے ،افغان وزیر ،حکومت نے ہمیں چند روز میں واپس اپنے ملک جانے کا کہہ دیا ہے ، کئی کیمپوں کی بجلی بھی کاٹ دی گئی ہے ،نمائندوں کی شکایت

پیر 9 مارچ 2015 10:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مارچ۔2015ء)افغانستان کے وزیر برائے مہاجرین سید حسین بلخی پاکستانی حکام سے مہاجرین کے مسائل پر مذاکرات کیلئے پاکستان پہنچ گئے ہیں نو رکنی وفد سربراہی میں پہنچنے پر پاکستان کے وزیر سرحدات اور ریاستوں عبد القادر بلوچ نے ان کا استقبال کیا دو رہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب افغان حکومت کا دعویٰ کہ خیبر پختون خوا کی حکومت اور کئی دیگر علاقوں میں افغان مہاجرین کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے دسمبر میں آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت نے غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے خلاف مہم شروع کی تھی کیونکہ حکومت کا خیا ل ہے کہ کئی دہشتگرد اور جرائم کی کارروائیوں میں ملوث ہیں افغان ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ پاکستان پہنچنے کے بعد افغان وزیر اسلام آباد میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے افغان مہاجرین کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے دورے کے دور ان افغان وزیر پاکستانی اور افغان متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کے نمائندوں کے ساتھ سہ فریقی اجلا س میں بھی شرکت کرینگے پاکستان میں اس وقت تقریباً تیس لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں جن میں آدھے غیررجسٹرڈ ہیں پروگرام کے مطابق افغان وزیر پشاور اور کئی دیگر شہروں میں افغان مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرینگے وفد میں افغان پارلیمنٹ کے دو ممبران مولوی شہزادہ شاہد اور مولوی صابر بھی شامل ہیں مہاجرین کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلخی نے انہیں یقین دلایا کہ افغانستان کی نئی حکومت نے مہاجرین کی واپسی کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے انہوں نے کہاکہ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ ان کے مسائل پر بات چیت کرینگے اور پاکستانی حکومت سے مہاجرین کو وقت دینے کی درخواست کرینگے تاکہ افغان حکام ان کی واپسی سے پہلے ان کے لئے انتظامات کر سکیں ۔

(جاری ہے)

افغان مہاجرین کے نمائندوں نے کہاکہ وہ کئی علاقوں میں کاروبار کررہے ہیں اور ان کا فوری طورپر ملک واپس جانا ممکن نہیں انہوں نے شکایت کی کہ کئی علاقوں میں انہیں چند روز میں واپس جانے کا کہا ہے اور یہ کہ کئی کیمپوں کو بجلی کی فراہمی بھی منقطع کر دی گئی ۔