سینٹ کے انتخابات میں تحریک انصاف نے کلین سویپ کرکے اپوزیشن اور میڈیا کے تمام اندازے غلط ثابت کردئیے ہیں ،پرویز خٹک

ہفتہ 7 مارچ 2015 08:58

نوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 مارچ۔2015ء)وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سینٹ کے انتخابات میں تحریک انصاف نے کلین سویپ کرکے اپوزیشن اور میڈیا کے تمام اندازے غلط ثابت کردئیے ہیں تحریک انصاف کے غیور ارکان اسمبلی نے کروڑوں روپے ٹھکرا کر پارٹی کیساتھ جس وفاداری کا ثبوت پیش کیا صوبے اور ملک کی سیاسی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی مولانا فضل الرحمان کے بلند و بانگ دعوؤں کی قلعی کھل گئی تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو بکرے کہنے والے اب خود اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں ان کے اپنے بکرے فروخت ہوگئے ہیں ہمیں افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان جیسے دیگر لیڈروں نے خیبر پخوانخواہ میں ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے نتائج تبدیل کرنے کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا مگر اللہ تعالی کا شکر ہے کہ تحریک انصاف کے غیور ارکان اسمبلی نے ہارس ٹریڈنگ اور کروڑوں روپوں کے بریف کیس کی سیاست کا جنازہ نکال دیا اور ارکان اسمبلی کی خریدو فروخت کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑٰی۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کے روز نوشہرہ میں اخبارنویسوں سے بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کا کاخیل ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک سابق ایم پی اے لیاقت خان خٹک اورترقی او رمنصوبہ بندی کے مشیر میاں خلیق الرحمان خٹک بھی موجود تھے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو میں جتنا خراج تحسین پیش کروں و ہ کم ہے انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حقیقی وارث ہونے کا ثبوت پیش کیا نہ صرف پختون روایات کا پاس رکھا بلکہ پارٹی ڈسپلن پر بھی پورے اترے جس پر میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں جماعت اسلامی اور عوامی جمہور ی اتحاد کا شکریہ ادا کر تا ہوں، پرویز خٹک نے کہا کہ متعدد غریب ارکان صوبائی اسمبلی نے بھی پارٹی کا ساتھ دیا اور کروڑوں روپے ٹھکرا دیے انہوں نے کہا کہ مجھے افسو س اس بات کا ہے کہ سینٹ کے انتخابات میں بڑے سیاسی لیڈروں نے ہارس ٹریڈنگ کی ابتدا ء اور حوصلہ افزائی کی اور خود اس گھناؤنے جرم میں ملوث رہے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے تو انتہا ء کردی اور ڈیرہ اسماعیل خان سے آزاد ارکان وقار احمد، عمار احمد شیخ یعقوب سمیت دیگر امیدواروں کو میدان میں اتارا ہم نے خود اپوزیشن کو پانچ نشستوں کی آفر دی تھی ہمیں اسمبلی میں 71 ممبران کی حمایت حاصل تھی جبکہ اپوزیشن کو 53ممبران کی حمایت حاصل تھی اگر ہمارے فارمولے پر عمل کیا جاتا تو بارہ سینیٹر بلا مقابلہ منتخب ہو جاتے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو بھی اپنے دوستوں کا پتہ چل گیا پرویز خٹک نے کہا کہ ہارس ٹریڈ نگ کو روکنے اور حقیقی صاف اور شفاف جمہوریت کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کوششیں بھی قابل تحسین ہیں اور ان کی شبانہ روز کوششوں کی وجہ سے ہماری کوششیں رنگ لائی ہیں ہم نے پہلے دن سے کہا تھا کہ ہم سات نشستیں جیتیں گے تحریک انصاف اور حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے اپنے ووٹوں کے تناسب سے سات نشستوں پر الیکشن لڑا اپوزیشن جماعتوں نے اپنی حیثیت سے زیادہ امیدوار کھڑے کئے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اسمبلی میں شور مچایا ان کے دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں تھی ان کو اپنی حیثیت معلوم تھی خواہ مخواہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے اس اقدام سے ہارس ٹریڈنگ کا جنازہ نکل گیا اور ایک آزاد امیدوار کبھی بھی خیبر پختونخواہ اسمبلی کا رخ نہیں کرینگے پرویز خٹک نے انکشاف کیا کہ ان آزاد امیدواروں کے پیسے بھی گئے اور الیکشن بھی ہار گئے۔

انہوں نے کہا کہ اب صوبہ خیبرپختون خوا میں نئی سیاسی تاریخ کا آغاز ہوا ہے۔ اور ہمارے خلاف میڈیا پر بے پرکی اڑانے والوں کو بھی اندازہ ہو گیا ہے۔ ان کی اپ سیٹ اور سیاسی دھماکے کی خواہش پوری نہیں ہوئی۔اوریہ سب تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے سر ہے۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے بھی ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور ان کے کردار کو سراہا ہے۔اور کور کمیٹی کے جلاس میں اس حوالے سے اہم پیش رفت ہوگی۔