کراچی ،پیپلزپارٹی کی خاتون رکن سندھ اسمبلی اپنی رخصتی والے دن سینیٹ کا ووٹ ڈالنے اسمبلی پہنچ گئیں ، شرمیلا فاروقی نے مہندی والے ہاتھوں سے سینیٹ انتخابات کیلئے اپنا ووسٹ کیا

جمعہ 6 مارچ 2015 08:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مارچ۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی کی خاتون رکن سندھ اسمبلی اپنی رخصتی والے دن سینیٹ کا ووٹ ڈالنے اسمبلی پہنچ گئیں ۔ شرمیلا فاروقی نے جمعرات کو اپنی رخصتی والے دن سندھ اسمبلی پہنچ کر مہندی والے ہاتھوں سے سینیٹ انتخابات کے لیے اپنا ووسٹ کیا ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی نے کہاکہ شرمیلا فاروقی نے اپنی زندگی کے اہم ترین دن حق رائے دہی استعمال کرکے پاکستان میں نئے جمہوری کلچر کو فروغ دیا ہے ۔

وہ سیاستدانوں خصوصاًخواتین کے لیے ایک روشن مثال بن گئی ہیں ۔واضح رہے کہ شرمیلا فاروقی اور حشام ریاض شیخ کا یکم مارچ کو نکاح ہوا تھا ۔جبکہ 5مارچ کو رخصتی تھی ۔وہ رخصتی والے دن اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے اپنا ووٹ ڈالنے سندھ اسمبلی پہنچیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ شادی کی خوشی کی اپنی جگہ لیکن پارٹی ان کی ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ میں نے شادی کے دن ووٹ کاسٹ کرکے ایک نیا ریکارڈ بناڈالا ہے شاید اسے کوئی نہ توڑ سکے ۔

انہوں نے کہا کہ شادی کا دن ویسے لڑکیوں کے لیے بہت خاص ہوتا ہے لیکن اگر وہ سیاسی شخصیت ہو تو ساری خوشیاں اپنی جگہ لیکن میں اپنا قیمتی ووٹ ضائع کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی تھیں ۔شرمیلا فاروقی نے کہا رخصتی والے دن یوں کسی دلہن کا آ کر ووٹ ڈالنا ایک ریکارڈ رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں شرمیلا فاروقی نے کہا ان کے لئے پارٹی کی ذمہ داری سب سے پہلے ہے۔ شرمیلا فاروقی نے اس راز سے بھی پردہ اٹھا دیا کہ شادی کا جوڑا شوہر اور ان کی باہمی رضامندی سے بنوایا گیا ہے