کراچی ،مسلم لیگ (فنکشنل)کی قیادت آخری وقت تک عمران خان کو سندھ میں چار ووٹ کاسٹ کروانے کیلئے کوشش کرتی رہی لیکن کامیاب نہیں ہوسکی

جمعہ 6 مارچ 2015 08:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مارچ۔2015ء)مسلم لیگ (فنکشنل)کی قیادت آخری وقت تک عمران خان کو سندھ میں چار ووٹ کاسٹ کروانے کیلئے کوشش کرتی رہی لیکن کامیاب نہیں ہوسکی ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (فنکشنل) کے رہنما صدر الدین شاہ راشدی دن بھر عمران خان اور مخدوم شاہ محمود قریشی سے رابطے میں رہے ۔تحریک انصاف کی جانب سے پہلے 2بجے اور پھر 3بجے تک مہلت طلب کی گئی تاہم یہ ساری مہلت ختم ہوگئی لیکن تحریک انصاف کے ووٹ کاسٹ نہیں ہوئے ۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق پولنگ کے عمل کے دوران پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے رہنماوٴں کے درمیان بھی رابطے رہے اس دوران پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کو انتباہ کیا کہ ان کے ارکان نے اگر سندھ میں ووٹ کاسٹ کیے تو خیبرپختونخوا میں ان کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (فنکشنل) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی دباوٴ کی وجہ سے تحریک انصاف کے ارکان ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آئے ۔

ہم ان کو قائل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے نہیں آئے ۔مسلم لیگ (فنکشنل) کے رہنما امتیاز احمد شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج عمران خان کے پاس آصف علی زرداری سے سارے حساب برابر کرنے کا موقع تھا لیکن عمران خان نے یہ موقع ضائع کردیا ۔تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے ووٹ کاسٹ نہ کرنا دراصل پیپلزپارٹی اور آصف علی زرداری کو براہ راست فائدہ پہنچانا ہے ۔اگر آج ہماری سیٹ رہ جاتی ہے تو اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ تحریک انصاف کی وجہ سے اپوزیشن سیٹ ہارگئی ہے اور آصف علی زرداری کو اضافی سیٹ پر کامیابی مل رہی ہے

متعلقہ عنوان :