جونیئر ڈیوس کپ اور فیڈ کپ ٹورنامنٹس،پہلا روز پاکستانی ٹیموں کیلئے ملا جلا ثابت،پاکستان کی مینز ٹیم نے ترکمانستان کو شکست دی،ویمنز ٹیم کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست،پاکستان کی مینز ٹیم جونیئر ڈیوس کپ میں اپنا دوسرا میچ آج جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جبکہ ویمنز ٹیم فیڈ کپ کے اگلے میچ میں لبنان کے آمنے سامنے ہو گی

جمعرات 5 مارچ 2015 08:24

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 مارچ۔2015ء) جونیئر ڈیوس کپ اور فیڈ کپ ایشیا اوشنیا پری کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کا پہلا روز پاکستانی ٹیموں کیلئے ملا جلا ثابت ہوا، پاکستان کی مینز ٹیم نے ترکمانستان کو شکست دی، ویمنز ٹیم کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ملائیشیا میں جاری ایونٹس میں بدھ کو کھیلے گئے جونیئر ڈیوس کپ ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ترکمانستان کی ٹیم کو با آسانی 3-0 سے زیر کیا، پہلے سنگل مقابلے میں پاکستان کے محمد رضا نے ترکمانستان کے عزیز کو ہرایا، دوسرے سنگل مقابلے میں پاکستان کے مزمل مرتضی نے فتح حاصل کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، ڈبل مقابلے میں مزمل مرتضی اور محمد رضا نے ترکمانستان کے کھلاڑیوں پر مشتمل جوڑی کو ہرا کر اپنی ٹیم کو 3-0 سے فتح دلائی۔

دوسری جانب جونیئر فیڈ کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ویمن ٹیم کو ابتدائی میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی مینز ٹیم جونیئر ڈیوس کپ میں اپنا دوسرا میچ آج جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جبکہ ویمنز ٹیم فیڈ کپ کے اگلے میچ میں لبنان کے آمنے سامنے ہو گی۔