قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے اجلاس میں ملک بھر سے توانائی کے شعبہ سے متعلقہ اداروں کے ایک سو سے زائد سربراہان کی موجودگی، اراکین اسمبلی کی غیر حاضری کے باعث اجلاس ملتوی، چیئرمین سمیت اجلاس میں صرف چار اراکین اسمبلی موجود تھے

بدھ 4 مارچ 2015 08:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے اجلاس میں ملک بھر سے توانائی کے شعبہ سے متعلقہ اداروں کے ایک سو سے زائد سربراہان کی موجودگی لیکن اراکین اسمبلی کی غیر حاضری کے باعث اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ چیئرمین سمیت اجلاس میں صرف چار اراکین اسمبلی موجود تھے جبکہ 17 اراکین اسمبلی کی اجلاس میں غیر حاضری پر چیئرمین کمیٹی محمد ارشد خان لغاری نے کورم پورا نہ ہونے کا بتاکر اجلاس ملتوی کردیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کا اہم ترین اجلاس گذشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں بلایا گیا تھا جس میں وزارت پانی و بجلی کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت چلنے والے منصوبوں کے مالی امور کی منظوری دی جانی تھی۔

(جاری ہے)

اس اہم ترین اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کے تمام متعلقہ اداروں اور واپڈا کے سینئر افسران سمیت توانائی کے شعبے سے منسلک دیگر اداروں کے 100 سے زائد سینئر افسران موجود تھے لیکن کمیٹی کے اراکین جن کی تعداد 21 ہے‘ ان میں سے صرف 3 اراکین اجلاس میں موجود تھے جبکہ دیگر تمام اراکین کے اجلاس میں آنے یا نہ آنے کے حوالے سے چیئرمین کو کوئی اطلاع نہ تھی جس پر چیئرمین کمیٹی محمد ارشد خان لغاری نے کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کردیا۔

اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے سینئر افسران کے چہروں پرخاص قسم کے تاثرات دکھائی دے رہے تھے اور اجلاس کے ملتوی ہونے پر وہ حیران ہوکر رہ گئے۔ اجلاس کے ملتوی کئے جانے کے باعث پی ایس ڈی پی کے سینکڑوں منصوبوں کیلئے رقوم کے اجراء سمیت دیگر وسائل کا سامنا کرنا پڑے گا جس پر افسران میں ایک خاص قسم کی مایوسی دکھائی دی جارہی تھی۔