پاکستان اوربھارت کاعوامی سطح پررابطے بڑھانے ،علاقائی مسائل پربات چیت،سرحد پر امن برقرار رکھنے اور سارک کومزیدفعال بنانے پراتفاق ، بھارتی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات میں کشمیرسمیت تمام امورپربات چیت کی گئی ،مذاکرات تعمیری اورمثبت رہے ،سیاہ چن ،سرکریک پربات ہوئی اوردونوں ممالک علاقائی مسائل پربات چیت کیلئے متفق ہیں، ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کامعاملہ بھی اٹھایاگیااور پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا،تمام تصفیہ طلب مسائل کاقابل قبول حل ڈھونڈنے کی ضرورت ہے، پاکستان آئندہ سال سارک اجلاس کی میزبانی کرے گا،سیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری کی پریس بریفنگ

بدھ 4 مارچ 2015 09:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 مارچ۔2015ء)پاکستان اوربھارت کے درمیان عوامی سطح پررابطے بڑھانے مختلف شعبوں میں تعاون ،سیاہ چن ،سرکریک اورعلاقائی مسائل پربات چیت اورسارک کومزیدفعال بنانے پراتفاق کرلیاگیا۔بھارتی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کے بعدمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اعزازچوہدری نے کہاکہ بھارتی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات میں کشمیرسمیت تمام امورپربات چیت کی گئی ،مذاکرات تعمیری اورمثبت رہے ،بھارتی سیکرٹری خارجہ سے مذاکرات میں سیاہ چن ،سرکریک پربات ہوئی اوردونوں ممالک علاقائی مسائل پربات چیت کیلئے متفق ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات میں لائن آف کنٹرول پربھارت کی بلااشتعال فائرنگ اورخلاف ورزی کامعاملہ بھی اٹھایاگیااورانہیں پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیااور2003ء کے سیزفائرمعاہدے پرعملدرآمدپربھی بات ہوئی ،بھارتی سیکرٹری خارجہ نے بھی ایل اوسی پرامن برقراررکھنے پراتفاق کیا۔

(جاری ہے)

فاٹااوربلوچستان میں بھارت کی مداخلت کامعاملہ بھی اٹھایاگیا،ہم نے جے شنکرسے سمجھوتہ ایکسپریس کامعاملہ بھی اٹھایا،مذاکرات میں عوامی سطح پررابطے اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیاگیااورسارک کومزیدفعال بنانے پربھی اتفاق کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی پاکستان اوربھارت دونوں ممالک کے لئے باعث تشویش ہے ،دونوں ممالک کوایک دوسرے سے تعاون کاراستہ اختیارکرناچاہئے تاکہ دہشتگردی کوشکست دے سکیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں ،پاک بھارت مذاکرات کی باضابطہ بحالی کاٹائم فریم نہیں دیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان آئندہ سال سارک اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری رہنماوٴں سے باقاعدگی سے ملتے ہیں اوران کاموٴقف جاننے کیلئے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دوطرفہ مسائل کے حل کیلئے مزیدکام کرنے کی ضرورت ہے ،ہمیں تمام تصفیہ طلب مسائل کاقابل قبول حل ڈھونڈنے کی ضرورت ہے ۔ایک سوال پرکہاکہ بھارتی سیکرٹری خارجہ نے وزیراعظم سے ملاقات میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کاخط پہنچایا۔