خواتین پر تشدد سنگین جرم ہے ، تشدد کا شکار خواتین کی فوری داد رسی کیلئے خصوصی مراکز بنائیں جائیں گے،شہبازشریف،وزیراعلیٰ نے موٹروہیکلز سسٹم میں اصلاحات کے حوالے سے اقدامات کے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی، نئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کیلئے ڈیلر وہیکلزرجسٹریشن سسٹم متعار ف کرانے اور ٹوکن ٹیکس نظام میں تبدیلی کا فیصلہ ،سسٹم کے تحت ڈیلرسے رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ جاری ہوگی، محکمہ ایکسائز میں ویجلینس سیل کا قیام عمل میں لایا جائیگا،موٹر وہیکلزنظام میں اصلاحات کے حوالے سے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی،موٹر وہیکلز نظام میں اصلاحات لانے کا پروگرام دور رس نتائج کا حامل ثابت ہوگا،وزیراعلیٰ کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

منگل 3 مارچ 2015 08:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 مارچ۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے ان کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے -پنجاب حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔خواتین پر تشددسنگین جرم ہے جس کا سدباب ضروری ہے ۔ تشد کا شکارخواتین کی فوری دادرسی کیلئے خصوصی مراکز بنائے جائیں گے۔

خصوصی مراکز تشدد کا شکار خواتین کی دادرسی اورانہیں انصاف کی فراہمی میں معاون ثابت ہوں گے۔وہ یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے - سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سلمان صوفی نے خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام اورموٹروہیکلزسسٹم میں اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کے دوران موٹروہیکلز سسٹم میں اصلاحات کے حوالے سے اقدامات کے پہلے مرحلے کی منظوری دی -اجلاس میں نئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کے لئے ڈیلر وہیکلزرجسٹریشن سسٹم(DVR System ) متعار ف کرانے اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے نظام کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا-وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیلر وہیکلز رجسٹریشن سسٹم کے تحت ڈیلرسے رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ جاری ہوگی- ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ میں ویجلینس سیل کا قیام عمل میں لایا جائے گا-انہوں نے کہاکہ موٹر وہیکلز نظام میں اصلاحات لانے کا پروگرام دور رس نتائج کا حامل ثابت ہوگا- جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نظام میں بہتری لانے میں مدد ملے گی-ٹوکن ٹیکس کے نظا م میں تبدیلی سے گاڑیو ں کو ادائیگی پر خصوصی سٹکرز جاری کئے جائیں گے -انہوں نے کہاکہ اے ٹی ایمز او رآ ن لائن ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے گی-گاڑی کے مالک کواونر شپ نمبر پلیٹ جاری ہوں گی- گاڑی کی اونر شپ بدلنے پر نمبرپلیٹ بھی تبدیل ہوگی -موٹر وہیکلزنظام میں اصلاحات کے حوالے سے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی-وزیراعلیٰ نے اصلاحات کے پہلے مرحلے کے حوالے سے اقدامات پر عملدرآمد کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ دوسرے مرحلے میں اصلاحات متعارف کرانے کے حوالے سے 14روز کے اندر حتمی سفارشات پیش کی جائیں- صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ حمیدہ وحید الدین،معاون خصوصی رانا مقبول احمد ،خواتین اراکین صوبائی اسمبلی ، کرن ڈار،فرحانہ افضل،ڈاکٹر عالیہ آفتاب،راشدہ یعقوب،عظمیٰ قادری،انسپکٹر جنرل پولیس ، متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام کی ویڈیوکانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔