ملک میں 60 سے زائد تنظیمیں دہشت گردی کی وجہ سے کالعدم قرار،کالعدم تنظیموں کی فہرست تیار، فہرست میں غازی فورس کے علاوہ حرکت الجہاد اسلامی‘ الرشید ٹرسٹ اور الاختر ٹرسٹ شامل

پیر 2 مارچ 2015 08:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مارچ۔2015ء) ملک میں 60 سے زائد تنظیمیں دہشت گردی کی وجہ سے کالعدم قرار دی جاچکی ہیں۔ وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیموں کی فہرست کی تیاری سویلین اور فوج کے خفیہ اداروں کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی ہے۔ اس فہرست میں غازی فورس کے علاوہ حرکت الجہاد اسلامی‘ الرشید ٹرسٹ اور الاختر ٹرسٹ شامل ہیں۔

اس فہرست میں ان گروپوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن کا بنیادی تعلق تو تحریک طالبان پاکستان سے ہے لیکن باہمی اختلافات کی وجہ سے ایک دوسرے سے الگ ہوکر کام کررہے ہیں۔ ان تنظیموں میں جنداللہ گروپ‘ قاری عابد گروپ‘ نوراللہ گروپ‘ ولی الرحمن گروپ‘ نظام گروپ‘ توحید گروپ و دیگر شامل ہیں۔ بلوچستان میں بھی سات تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان تنظیموں میں بلوچستان لبریشن آرمی‘ بلوچستان نیشنل لبریشن آرمی‘ بلوچستان لبریشن یونٹ فرنت‘ بلوچستان ریپبلکن آرمی‘ لشکر بلوچستان مسلح دفاعی تنظیم اور بلوچستان یونٹ آرمی شامل ہیں۔ گلگت بلتستان میں کام کرنے والی تنظیموں میں تنظیم نوجوانان اہلسنت‘ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن‘ مرکز سبیل آرگنائزیشن‘ شیعہ طلباء ایکشن کمیٹی‘ سندھ میں پیپلز امن کمیٹی کے علاوہ تحریک طالبان‘ لشکر جھنگوی اور دیگر گروپوں کیساتھ ساتھ جنداللہ گروپ بھی شامل ہے۔