کویت کے سرمایہ کاروں کا پاکستان کے توانائی کے شعبے میں 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

پیر 2 مارچ 2015 09:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مارچ۔2015ء)کویت کے سرمایہ کاروں نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کردیا ہے جبکہ آٹوموبائل ، فوڈ اسٹف، ٹیکسٹائل اور لیدر سیکٹر میں بھی وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کا پلان ترتیب دیا ہوا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کہ ایکسپو پاکستان 2015 میں غیرملکی سرمایہ کاروں کا سب سے بڑا وفد کویتی سرمایہ کاروں کا ہے جن کی تعداد78 ہے۔

پاکستان کے تجارت وصنعتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اورکویت کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں لیکن کویتی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزوں کی بندش باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جسے ختم کرنے کے لیے وزیراعظم نوازشریف کو فوری طور پرکویت کا دورہ کرنے کی ضرورت ہے یا پھر کویتی امیر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جائے۔

(جاری ہے)

کویتی تجارتی وفد کے ہمراہ آئے ہوئے کویت میں تعینات پاکستان کے کمرشل قونصلر آغا سعید احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کویتی تجارتی وفد میں40 ایسے سرمایہ کار شامل ہیں جو پہلی بار پاکستان آئے ہیں جنہوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ بیرونی دنیا بالخصوص کویت میں پاکستان اور کراچی کے بارے میں زبردست منفی پروپیگنڈا ہورہا ہے جبکہ یہاں آ کر انہیں اس حقیقت کا اندازہ ہوا ہے کہ پاکستان نہ صرف منافع بخش سرمایہ کاری کا حامل ملک ہے بلکہ یہاں تیار ہونے والی مختلف مصنوعات کا معیار دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت بلند ہونے کے ساتھ یہ مصنوعات سستی بھی ہیں۔

آغا سعید نے بتایا کہ کویت پاکستانی مصنوعات کے لیے بڑی منڈی ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ کویت کی سالانہ درآمدات کا حجم24 ارب ڈالر ہے جس میں پاکستان کا حصہ صرف8 کروڑ60 ڈالر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بحیثیت کمرشل قونصلر کویت میں پاکستان کے مثبت تاثر کو ابھارنے کے لیے مرتب کردہ میکنزم پر کام کررہے ہیں لیکن اس ضمن میں پاکستان کے تجارتی ایوانوں، تاجروں وصنعت کاروں اور برآمدکنندگان کی تنظیموں کو بھی اپنا کردار کرنا ہو گا کیونکہ کویتی یہ تصور کرتے ہیں کہ پاکستان صرف غیرہنرمند نوجوان ورکرز کی بڑی منڈی ہے لیکن کویتی وفد حقائق سے آگہی کے بعد اس بات کا قائل ہوگیا ہے کہ پاکستان تجارت وصنعت کا حب اور ہنرمندی وتجربے کا حامل بڑا ملک ہے۔

متعلقہ عنوان :