باکمال لوگ، عمرہ زائرین کیلئے ہوائی ٹکٹ پر10ہزار کا مزیداضافہ کر دیا گیا،تین ماہ میں چوتھی بار اضافہ،قومی ائر لائن کی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے دیگر نجی و دیگر غیر ملکی ائیر لائنز نے بھی کرائے بڑھا دئیے

پیر 2 مارچ 2015 09:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مارچ۔2015ء)پی آئی اے نے عمرہ زائرین کیلئے جاری ہونے والی ہوائی سفر کی ٹکٹوں میں پھر اضافہ کر دیا ہے جو رواں سیزن میں چوتھی بار کیا گیا ہے۔اکتوبر2014میں پی آئی اے کا لاہور سے جدہ اور واپسی لاہور کے تین ماہ دورانیہ کے ٹکٹ کا کرایہ ستاسٹھ ہزار روپے تھا تاہم رواں سال کے پہلے دو ماہ جبکہ اس سیزن میں مجموعی طور پرگیارہ ہزار کا اضافہ کیا گیا ہے تاہم ٹریول ایجنٹ کو مختلف کلاسسز میں دی جانے والی ٹکٹس میں سب سے کم کرایہ والی ٹکٹ میں بارہ سے پندرہ ہزار روپے کا فرق ہے۔

(جاری ہے)

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نارتھ زون کے سینئرایگزیکٹو نے خبر رساں ادارے کو بتایاکہ کرایوں میں حالیہ اضافہ سے پہلے سے خریدی گئی ٹکٹس والے60ہزار سے زائد عمرہ زائرین بھی متاثر ہونگے۔قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اضافہ لاہور ، پشاور،اسلام آباد اور ملتان سے سفر کرنے والوں کے لئے ہے اضافہ کے بعد ٹکٹ کی قیمت بڑھ کر کم از کم78 ہزار روپے ہوجائے گی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باجود اضافہ خسارہ پورا کرنے کے لیے کیا ۔اس طرح عمرہ سیزن میں پی آئی اے کو چھ ارب کی اضافی آمدن متوقع ہے۔