پاک بھارت مذاکرات بحال ہونے کا امکان ، بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورے کے دورا ن مسئلہ کشمیر سمیت مختلف حل طلب تنازعات پر بات چیت ہو گی

پیر 2 مارچ 2015 09:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مارچ۔2015ء) بھارتی سیکرٹری خارجہ سبرامیم جے شنکر کے 3 مارچ کو پاکستان کے دورے میں پاک بھارت مذاکرات بحال ہونے کا امکان ہے‘ جس میں پاکستان کی جانب سے تیار کردہ ایجنڈا میں مسئلہ کشمیر سمیت مختلف حل طلب تنازعات پر بات چیت ہو گی۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ‘ سرتاج عزیز کے علاوہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے بھی ملاقات کرے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ دو روزہ دورے پر 3 مارچ کو پاکستان پہنچیں گے۔ 3 اور 4 مارچ کو ہونے والے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات میں کسی بڑی پیش رفت کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم پہلے سے منسوخ شدہ پاک بھارت مذاکرات میں باضابطہ بحالی اور پیش رفت کا امکان ہے۔ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت مختلف معاملات پر مذاکرات کرے گا۔ سرتاج عزیز نے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے اس دورے کو بہت اہمیت کا حامل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے دورے سے پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔