حکومت آج جوڈیشل کمشن بنا دے ،کل تحریک انصاف اسمبلیوں میں آ جائے گی، جوڈیشل کمیشن نہ بنا توآزادی کنٹینردوبارہ سڑکوں پر آئے گا، سینیٹ انتخاب میں سودے بازی منظور نہیں، مفادات کی خاطر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم اکھٹے ہیں،تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ملتان میں صحافیوں سے گفتگو

پیر 2 مارچ 2015 09:05

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مارچ۔2015ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے حکومت آج جوڈیشل کمشن بنا دے تو کل تحریک انصاف اسمبلیوں میں آ جائے گی، جوڈیشل کمشننہ بنا تو تحریک انصاف اپنا حق لینے کے لئے دوبارہ کنٹینر سڑکوں پرلے آئے گی، سینیٹ انتخاب میں سودے بازی منظور نہیں، مفادات کی خاطر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم والے اکھٹے ہو جاتے ہیں۔

وہ اتوار کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہکہ کے پی کے میں پیپلز پارٹی کے صرف پانچ ایم پی ایز ہیں لیکن اس کے باوجود2 امیدواروں کو سینیٹ کے انتخابات کے لئے کھڑا کیا ہے جس سے پورے نظام پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف چاہتی ہے کہ ملک میں انتخابی اصلاحات کی جائیں اور شفاف انتخابات عمل میں لائے جائیں، اگر حکومت انتخابات کے حوالے سے کوئی قانون سازی کرنا چاہتی ہے تو تحریک انصاف ساتھ دے گی۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی ممبر صوبائی اسمبلی پارٹی پالیسی کے خلاف جاتا ہے تو یہ الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ضمیر فروشی کرنے والے ممبران کے خلاف کاروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے اتحاد کے باوجود سندھ کے حالات تب تک بدل نہیں سکتے کراچی اور سندھ میں امن تب ہو گا جب پولیس کو غیر سیاسی کیا جائے گا،ملک میں مفادات کی سیاست ہو رہی ہے اور جب تک مفادات کی سیاست رہے گی ملک میں تبدیلی نہیں آ سکتی۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ اگر حکومت آج جوڈیشل کمشن بنا دے تو کل تحریک انصاف اسمبلیوں میں آ جائے گی کیونکہ تحریک انصاف بھی اسمبلی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے لیکن اگر جوڈیشل کمشن نہیں بنتا تو تحریک انصاف اپنا حق لینے کے لئے دوبارہ سڑکوں پر آئے گی۔