لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی سپورٹس بورڈ پاکستان کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیدیا

جمعہ 27 فروری 2015 08:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27فروری۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی سپورٹس بورڈ پاکستان اختر نواز گنجیرا کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔گزشتہ روز مسٹرجسٹس وقاص روف مرزا کی عدالت میں درخواست گزار زین العابدین کے وکیل بیرسٹر حارث عظمت نے دلائل دیے کہ ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کی تعیناتی قوانین کے خلاف ہوئی۔

(جاری ہے)

سابق دور حکومت میں اختر نوازگنجیرا کو ذاتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر تعینات کیا گیا جبکہ قانون کے مطابق اس پوسٹ پر تعیناتی کے لیے باقاعدہ اشتہار دیا جاتا ہے تاہم حکومت نے پہلے اختر گنجیرا کو قائم مقام ڈی جی سپورٹس بورڈ تعینات کیا گیا تاہم بعد میں انھیں ترقی دے کرمستقل کر دیا گیا جبکہ قانون کے مطابق اس عہدے پر تعیناتی ترقی دے کر نہیں بلکہ اشتہار دے کی جاتی ہے۔

سرکاری وکیل نے دلائل دیے کہ تعیناتی میرٹ پر کی گئی لہذا درخواست مسترد کی جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس طرح قوانین کے خلاف کوئی بھی تعیناتی نہیں کی جا سکتی۔فاضل عدالت نے اختر نواز گنجیرا کی تعیناتی کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ عہدے پر شفاف طریقے سے دوبارہ تعیناتی کی جائے۔