تحریک انصاف نے جھگڑا اور راحیلہ مگسی کو اسلام آباد سے سینٹ کیلئے ٹکٹ کے اجراء اور کاغذات نامزدگی کی منظوری کے فیصلہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا،کاغذات مسترد کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا،مسلم لیگ ن نے کوڈ آف کنڈکٹ کی کھلے عام خلاف وزری کرتے ہوئے ہارس ٹریڈنگ شروع کردی ہے،شعیب رزاق کی گفتگو

جمعرات 26 فروری 2015 09:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2015ء)اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا اور مسلم لیگ ن کی سندھ سے خاتون راہنما راحیلہ مگسی کو اسلام آباد سے سینیٹ کے انتخابات 2015 ء کے لیے ٹکٹ کے اجراء اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اقبال ظفر جھگڑااور راحیلہ مگسی کے کاغذات منظوری کے فیصلہ کو چیلنج کردیاہے ۔

کیس کی سماعت ہائیکورٹ کا جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ کر ے گا۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد شعیب رزاق عدالت عالیہ میں پیش ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے دونوں راہنماؤں کے کاغذات نامزدگی کو پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ورکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری نے ایڈووکیٹ بیرسٹر محمد شعیب رزاق ،اور جواد خالد نیازی کے ذریعہ چیلنج کیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں وفاق ،چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان ،اقبال ظفر جھگڑا،مسلم لیگی خاتون راحیلہ مگسی کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعاء کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنر ل اقبال ظفر جھگڑااور سند ھ سے تعلق رکھنے والی لیگی خاتون کے اسلام آباد کے کوٹہ سے جاری ہونے والے ٹکٹ پر کاغذات نامزدگی کو مسترد کرنے کا حکم دیاجائے ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سینیٹ انتخابات 2015 ء سینیٹ الیکشن کے کوڈ آف کنڈکٹ اور آئین پاکستان کی روح کے مطابق کروانے کا حکم دیاجائے ۔

درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیاہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے سینیٹ کے انتخابات کے لئے آئین کی خلاف وزری کرتے ہوئے ٹکٹ جاری کیے ہیں ۔مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنر ل اقبال ظفر جھگڑاکا تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ سے اور راحیلہ مگسی کا تعلق صوبہ سندھ کے علاقہ ٹنڈوالہ یار سے ہے ۔ وفاقی حکومت نے ان دونوں راہنماؤ ں کو آئین وقانون کی خلاف وزری کرتے ہوئے اسلام آباد کے کوٹہ سے سینیٹ ٹکٹ جاری کیے ہیں ۔

آئین کے آرٹیکل 62/c کے مطابق کسی بھی امیدوار کا ووٹ کا اندراج اور اسی حلقے کا رہائشی ہونا ضرروی ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ حکومت نے اسلام آباد کے ووٹروں پر اظہار عدم اعتماد کرتے ہوئے دیگر صوبوں کے لوگوں کو اسلام آباد کی دوسیٹ سے سینیٹ ٹکٹ جاری کیے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر محمد شعیب رزاق نے خبر رساں ادارے کو بتایاکہ اقبال ظفر جھگڑ ا اور لیگی خاتون راحیلہ مگسی کو اسلام آباد کے کوٹہ سے مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری کیے گئے سینیٹ ٹکٹ اور دونوں راہنماؤ ں کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کاغذات منظور ی کے عمل کو عدالت عالیہ میں چیلنج کردیاگیاہے۔

مسلم لیگ ن نے سینٹ الیکشن کے لیے بنائے گئے کوڈ آف کنڈکٹ کی کھلے عام خلاف وزری کرتے ہوئے ہارس ٹریڈنگ شروع کردی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ دونوں راہنماؤں کے اسلام آباد میں ووٹ کا اندراج کا ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کس طرح کاغذات نامزدگی کو منظور کرسکتاہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے یہ بھی بتایاکہ الیکشن کمیشن میں راحیلہ مگسی کے کاغذات نامزدگی پر پاکستان پیپلز پارٹی نے اعتراض قائم کیاتھالیکن کس وجہ سے کاغذات منظور ہوئے یہ عدالت میں معلوم ہوجائے گا۔