سپریم کورٹ نے کراچی الیکٹرک کوواپڈا سے ملنے والی650میگاواٹ بجلی اور بقایا جات کی تفصیلات طلب کر لیں، سماعت 2ہفتے کے لئے ملتوی

جمعرات 26 فروری 2015 09:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2015ء)سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کراچی الیکٹرک کوواپڈا سے ملنے والی650میگاواٹ بجلی اور بقایا جات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 2ہفتے کے لئے ملتوی کر دی ۔بدھ کو سپریم کورٹ میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور کراچی الیکٹرک (کے ای) کے واجبات سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی ۔

عدالت میں سیکرٹری واٹر اینڈ پاور اور سیکرٹری فنانس بھی پیش ہوئے۔عدالت میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے وکیل ابرار حسن بیماری کے باعث عدالت میں حاضر نہیں ہوسکے ۔کراچی الیکٹرک کے وکیل عابد زبیری نے عدالت سے درخواست کی کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے وکیل اپنے دلائل مکمل کر چکے ہیں لہذا سماعت جاری رکھی جائے۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے سماعت کو جاری رکھا ۔

دوران سماعت اٹارنی جنرل آف پاکستان سلمان بٹ نے عدالت کو بتایا کہ جب سے کراچی الیکٹرک(کے ای) کی نجکاری کی گئی ہے وفاقی حکومت کی ہدایت پر واپڈا کراچی الیکٹرک کو 650میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے ۔جس کے بقایا جات کراچی الیکٹرک (کے ای) نے ادا کرنے ہیں ۔عدالت نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر کراچی الیکٹرک (کے ای) کو وفاق کی جانب سے ملنے والی بجلی اورواپڈاکے کراچی الیکٹرک پر بقایا جات کی مکمل تفصیلات عدالت میں جمع کرائی جائیں ۔

عدالت نے سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کر دی ۔ واضح رہے کہ کراچی الیکٹرک کی نجکاری کے بعد وفاقی حکومت کے ساتھ معاہد ے میں یہ بات طے ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ2کروڑسے زائد شہریوں کو پانی فراہم کرنے والا ادارہ ہے جس کو تسلسل کے ساتھ بجلی کی فراہمی جاری رکھی جائے جب کہ کراچی الیکٹرک اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے درمیان بقایا جات کے معاملے پر نجکاری کے معاہدے میں وفاقی حکومت نے 2009تک کراچی الیکٹرک کو 6ارب80کروڑ ادا کرنے کے زمہ داری لی تھی ۔

یادرہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز کے 300سے زائد میٹرز ہیں جن کی ماہانہ بلنگ 20سے 30کروڑ روپے ماہانہ سے بڑھ کراب60سے70کروڑ ہوگئی ہے ۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مطابق کراچی الیکٹر ک کو 24ارب50کروڑ ادا کرنے ہیں جس میں سے اپریل2014میں 2ارب80کروڑ ادا کرچکے ہیں جب کہ کراچی الیکٹرک(کے ای) کے مطابق واٹر اینڈ سیوریج بورڈ پر 32ارب روپے کے بقایا جات ہیں ۔