وفاق اور خیبر پختونخواہ کا مل کر چلنے اور صوبے کے تمام مسائل کے حل کرنے پر اتفاق،وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی ملاقات ،صوبے میں لوڈشیڈنگ،گیس،ایف بی آر اور دیگر مسائل اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ،اسحاق ڈار نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو صوبے کے تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی،اسحاق ڈار اور پرویز خٹک کی ملاقات مثبت رہی،کسی سیاسی ایجنڈا پر بات نہیں کی گئی،وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے مسائل حل کرنے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں،حکومت صوبے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ،خواجہ آصف ،وفاقی حکومت مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ دکھائی دے رہی ہے، لوڈشیڈنگ کے معاملے پر صوبے کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا جارہا ہے،،وفاق 200 ارب روپے کی نادہندہ ہے ، واجب الادا رقم کو جلد از جلد صوبے کو واپس کئے جائیں ۔جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مقصد دھاندلی کی تحقیقات کرناہے،وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی اسحاق ڈار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 فروری 2015 09:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25فروری۔2015ء)وفاقی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ساتھ مل کر چلنے اور صوبے کے تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے یہاں ملاقات کی ہے ،ملاقات میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اسحاق ڈار کو صوبہ خیبر پختونخواہ کی احساس محرومی،لوڈشیڈنگ،گیس ،ایف بی آر ،منصوبہ بندی اور دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔پرویز خٹک نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کو ہائیڈرل منافع کی مد میں موصول ہونے والی رقم نہیں دی جارہی جبکہ وفاق صوبے کا پانی و بجلی کی مد میں200 ارب روپے کا نادہند ہ ہے،انہوں نے وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ وفاق واجب الادا رقم کو جلد از جلد واپس کرے ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو پانی و بجلی ،ایف بی آر ،منصوبہ بندی ،تعمیر وترقی سمیت اقتصادی تعاون بڑھانے سمیت صوبے کے تمام مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق مستقبل میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور ہر قسم کا تعاون جاری رکھے گا ۔ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی اسحاق ڈار سے ملاقات مثبت رہی ہے اس ملاقات میں کوئی سیاسی ایجنڈے پر بات نہیں کی گئی ہے ،ملاقات میں ہائیڈرل منافع کا معاملہ بھی زیر غور آیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور ان مسائل کو حل کرنے کے لئے وفاقی حکومت نے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں،وفاقی حکومت صوبے میں ترقی کے لئے ہر اقدام اٹھائے گی ،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخواہ کا کردار قابل فخر ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ دوسرے صوبوں کی طرح خیبر پختونخواہ کے بھی دیریانہ مسائل حل ہوں اور تعمیر وترقی کے منصوبے شروع ہوں۔

حکومت صوبے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ،وزیر دفاع نے کہا کہ اسحاق ڈار اور پرویز خٹک کے درمیان ملاقات کا ایک اور دور دوسرے ہفتے میں ہو گا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار سے ملاقات انتہائی مثبت رہی ہے اور اس ملاقات سے لگ رہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبہ خیبر پختونخواہ کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے،انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر صوبے کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا جارہا ہے ،صوبے میں بجلی کی پیداوار3500 میگاواٹ ہے جبکہ صوبے کی طلب صرف2500 میگاواٹ ہے اس کے باوجود صوبے میں 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،وفاقی حکومت 200 ارب روپے کی نادہندہ ہے ،اسحاق ڈار کو گزارش کی ہے کہ واجب الادا رقم کو جلد از جلد صوبے کو واپس کئے جائیں ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مقصد دھاندلی کی تحقیقات کرناہے اگر جوڈیشل کمیشن بن جاتا ہے تو مسائل حل ہو جائیں گے اگر نہ بنا تو مسائل بڑھتے جائیں گے۔