”کپتان کے دل میں نرمی ،ن لیگ کی تعریف کر دی “،حکومت کا سینیٹ الیکشن کیلئے شو آف ہینڈ کا فیصلہ خوش آئندہے ،تعریف کرتا ہوں،عمران خان،دبئی میں” انویسمنٹ کانفرنس“ بلائی ہے،سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخواہ میں سرمایہ کاری کیلئے دعوت دیں گے،جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو پاکستان کی عوام جلد ” آزادی بس “ سڑکوں پر دیکھیں گے ،ایک شخص نے سینیٹ الیکشن کی ٹکٹ کے عوض 15 کروڑ روپے شوکت خانم کو دینے کی پیش کش کی ہے جو مسترد کر دی ہے ،جو شخص پیسے لگا کر سینیٹ میں آئے گا تو اسے عدالتوں میں گھسیٹیں گے ،ان کے گھروں کا گھیراؤ اور انہیں سینیٹ سے مستعفی ہونے پر مجبور کریں گے ،چیئرمین تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 فروری 2015 09:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25فروری۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کا سینیٹ الیکشن کیلئے شو آف ہینڈکا فیصلہ خوش آئندہے اس فیصلہ پر مسلم لیگ (ن ) کی تعریف کرتا ہوں ،آئینی ترمیم پر حکومت کی مکمل سپورٹ کریں گے ،دبئی میں انویسمنٹ کانفرنس بلائی ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخواہ میں سرمایہ کاری کیلئے دعوت دینا ہے،جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو پاکستان کی عوام جلد ” آزادی بس “ سڑکوں پر دیکھیں گے ،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ عمران خان سڑکوں پر نہیں نکلے گا ،ایک شخص نے سینیٹ الیکشن کی ٹکٹ کے عوض 15 کروڑ روپے شوکت خانم کو دینے کی پیش کش کی ہے جو مسترد کر دی ہے ،جو شخص پیسے لگا کر سینیٹ میں آئے گا تو اسے عدالتوں میں گھسیٹیں گے ،ان کے گھروں کا گھیراؤ کریں گے اور انہیں مستعفی ہونے پر مجبور کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالا کا اظہار انہوں نے بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے کہا ہے کہ دبئی میں ”انویسمنٹ کانفرنس“ بلائی ہے ،پاکستان میں سکیورٹی مسائل کی وجہ سے دبئی میں کانفرنس کا انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، کانفرنس کا مقصد صرف خیبر پختونخواہ میں سرمایہ کاروں کو لانا ہے، صوبے میں سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ ہاؤس میں دفتر بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ رکاوٹیں ہونے کی وجہ سے سرمایہ کار پاکستان نہیں آرہے ۔عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈ کا اقدام خوش آئند ہے ،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے بہت کم ہی اقدامات اچھے لگے ہیں ،سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے آئینی ترمیم کا حکومت کا اچھا فیصلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ،ان کا کہنا تھا کہ جب تک جوڈیشل کمیشن نہیں بن جاتا ہم پارلیمنٹ میں نہیں جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کی عوام مجھے سڑکوں پر دیکھی گی ۔

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ عمران خاموش ہے ۔ہم حکومت کو پورا پورا وقت دے رہے ہیں اور ملک کے حالات کی وجہ سے حکومت کو مکمل سپورٹ کیا ہے ۔اگر جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو جلد ہی آزادی بس سڑکوں پر ہوگی۔ جوڈیشل کمیشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور 2015 کو الیکشن کا سال دیکھ رہا ہوں ۔انہوں نے کہا عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی ہے اور70 لاکھ جعلی ووٹ ڈالیں ہیں جن کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں ،جب جوڈیشل کمیشن بنے گا تو یہ ثبوت پیش کریں گے ۔

عمران نے کہا کہ ایک شخص نے سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ کے عوض 15کروڑ روپے شوکت خانم ہسپتال کو دینے کی آفر کی ہے جو میں نے ٹھکرا دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں لوگوں کے ضمیروں کی قیمتیں لگ رہی ہیں لیکن عمران خان ایسا نہیں کرنے دے گا ،جس نے بھی پیسہ لگا کر سینیٹر بننے کی کوشش کی تو ہم ان کے خلاف عدالت جائیں گے ۔کارکنوں کو کہہ دیا ہے کہ جو بھی اپنے ضمیر کا سودا کرے ان کے گھروں کا گھیراؤ کرنا ہے ۔

ہم ایسے لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے اور جو لوگ پیسے لگا کر سینیٹر بن گئے تو انہیں مستعفی ہونے پر مجبور کر دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیسے لگا کر آنے والا سینیٹر عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتا وہ کرپشن ہی کرے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ سیاست دان لوگوں کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آئے ہیں اگر وہ اپنے ضمیر بیچیں گے تو ہم آنکھیں بند نہیں کریں گے بلکہ ایسے لوگوں کو عدالتوں میں گھسیٹیں گے اور انہیں کسی صورت سینیٹر نہیں بننے دیں گے ۔