اسلام آبادمیں غیر ملکی صحافی کی لاش باتھ روم سے برآمد،لاش پوسٹ مارٹم کیلئے پمز ہسپتال منتقل ،خاتون صحافی کا تعلق روس سے ہے،برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کی پاکستان اور افغانستان کی بیورو چیف تھیں،قتل کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ،پولیس حکام،خاتون صحافی پر بظاہر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ہیں،پمز ترجمان عائشہ خان

منگل 24 فروری 2015 09:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2015ء)وفاقی دارالحکومت اسلام آبادایف ٹو سیکٹر میں غیر ملکی صحافی کی لاش گھر سے برآمد کر لی گئی ،لاش کو پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹو میں غیر ملکی صحافی ماریہ گلالینو جو برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کی پاکستان میں بیورو چیف تھیں کی لاش گھر سے برآمد کی گئی ہے جنہیں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

پولیس حکام نے خاتون صحافی کی لاش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خاتون صحافی ماریہ گلولینا جو جو روس کی باشندہ ہیں اور برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کام کرتی تھیں اور پاکستان اور افغانستان کی بیورو چیف تھیں کی لاش گھر کے باتھ روم سے ملی ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون صحافی کی لاش کو پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائیگااور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ روسی سفارت خانہ نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا ہے جب رابطہ کریں گے تو حکومتی سطح پر لاش کو روسی سفارت خانے کے حوالے کیا جائیگا۔ادھر پمز ترجمان عائشہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون کے جسم پر بظاہر تشدد کے کوئی نشان نہیں ہیں ،صحافی خاتون کے دفتر میں کام کرنے والے ملازمین نے ان کی لاش پمز ہسپتال پہنچائی ہے ۔