ورلڈ کپ2015:جے وردھنے کی سنچری،سری لنکا نے افغانستان کو چار وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی، بھارت نے جنوبی افریقہ سے ہارنے کی روایت توڑ دی ،شیکھر دھون کی شاندارسنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو ورلڈ کپ کے اہم میچ میں 130 رنز سے شکست دے دی

پیر 23 فروری 2015 09:09

ڈیونیڈن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2015ء)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پول اے کے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو چار وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی ہے۔ڈیونیڈن میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو فتح کے لیے 233 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 49ویں اوو میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔سری لنکن اننگز کی خاص بات مہیلا جیاوردھنے کی سنچری تھی۔

انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 19ویں سنچری ایک ایسے وقت میں بنائی جب سری لنکا کی چار وکٹیں 51 رنز پر گر چکی تھیں۔سری لنکا کو اننگز کی پہلی ہی گیند پر اس وقت نقصان اٹھانا پڑا تھا جب تھریمانے کو دولت زدران نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔اگلے ہی اوور میں دوسرے اوپنر تلکارتنے دلشان بھی بغیر کوئی رن بنائے شاہپور زدران کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

چوتھے اوور میں افعانستان کے کپتان محمد نبی نے رن آوٴٹ کا ایک یقینی موقع ضائع کیا لیکن دو ہی اوور بعد حامد حسن نیتجربہ کار کمارا سنگاکارا کو بولڈ کر کے اس غلطی کا ازالہ کر دیا۔فغان بولرز نے سری لنکن اننگز کے ابتدائی دو اوورز میں دو وکٹیں لیں چوتھی وکٹ کے لیے جیاودرھنے اور کرونارتنے نے33 رنز کی شراکت بنائی جس کا خاتمہ بھی حامد حسن نے ہی کیا۔

ان کی دوسری وکٹ کرونارتنے بنے جو 23 رنز بنا کر نوروز منگل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔پانچویں وکٹ کے لیے جیاوردھنے اور میتھیوز نے 122 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔اس شراکت کا خاتمہ 177 کے مجموعی سکور پر میتھیوز کے رن آوٴٹ ہونے پر ہوا جس کے ایک رن بعد ہی جیاوردھنے بھی حامد حسین کی تیسری وکٹ بنے۔اس کے بعد تھشارا پریرا نے 25 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے شہر ڈیونیڈن میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان کی ٹیم آخری اوور میں 232 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔اصغر ستنکزئی نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے۔افغان بلے بازوں میں اصغر ستنکزئی نصف سنچری بنا کر نمایاں رہے۔ انھوں نے 54 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کے علاوہ سمیع اللہ شنواری نے 38 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے لستھ ملنگا اور اینجلو میتھیوز تین، تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ سورنگا لکمل نے دو جبکہ ہیراتھ اور پریرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ ہے اور دونوں ہی فتح کی تلاش میں تھے۔سری لنکا کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے جبکہ افغانستان کو بنگلہ دیش نے شکست دی تھی۔ ادھربھارت نے شیکھر دھون کی شاندارسنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو ورلڈ کپ کے اہم میچ میں 130 رنز سے شکست دے دی۔دفاعی چیمپئن بھارت نے اس جیت کے ساتھ میگا ایونٹ میں پروٹیز سے ہمیشہ ہارنے کی روایت توڑتے ہوئے پول 'بی' میں ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کر لی، شیکر دھون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

اتوار کو یہاں کھیلے گئے میچ میں 308 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی کوششوں میں جنوبی افریقہ کے بلے باز 41ویں اوور میں 177 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔فاف ڈو پلیسی نے 55 رنز بنا کر انڈین باوٴلرز کے سامنے کچھ مذاحمت کی۔ تاہم، باقی بیٹنگ لائن قابل ذکر پرفارمنس نہ دکھا سکی۔انڈیا کی جانب سے روی چندرن ایشون نے 36 رنز کے عوض تین جبکہ محمد شامی اور مہیت شرما نے بالترتیب 30 اور 31 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

آج 87000 تماشائیوں کے سامنے انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔انڈیا کی کامیابی میں شیکھر دھون کے 135 رنز نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ورلڈکپ میں اپنی پہلی اور ون ڈے کرکٹ میں ساتویں سنچری کیلئے 146 گیندوں پر 16چوکے اور 2 چھکے لگائے۔اجنکیا راہنے نے بھی جنوبی افریقن بولرز کے خلاف 60 گیندوں پر 7چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سیجارحانہ 79 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں ویرات کوہلی نے 46، سریش رائنا نے 6، کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے 18، رویندرا جدیجا نے 2 اور روہیت شرما نے کوئی رنز نہیں بنایا۔مورنی مورکل، نے 2 جبکہ ڈیل اسٹین، عمران طاہر اور وین پارنیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ڈی کاک کو محمد شامی نے کوہلی کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔

ڈی کاک نے سات رنز بنائے۔دوسرے جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ 22 رنز بنا سکے اور موہت شرما کی گیند پر باوٴنڈری پر موجود فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔تیسری وکٹ کے لیے فاف ڈوپلیسی اور ابراہم ڈی ویلیئرز نے 67 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ ایک غیرضروری رن لینے کی کوشش میں ڈی ویلیئرز کے رن آوٴٹ ہونے پر ہوا۔ڈوپلیسی بھی نصف سنچری بنانے کے بعد موہت شرما کی دوسری وکٹ بنے۔

ورلڈ کپ میں بھارت کے پہلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے شیکھر دھون نے اس مرتبہ سنچری بنائی ہے۔جے پی ڈومینیکو ایشون نے آوٴٹ کیا۔ انھوں نے صرف چھ رنز بنائے۔ڈیوڈ ملر نے 22 گیندوں میں 21 رنز بنائے اور رن آوٴٹ ہوئے۔ساتویں وکٹ اس وقت گری جب فلینڈر بغیر رن بنائے آوٴٹ ہوئے۔سٹین صرف ایک ہی رن بنا سکے اور ان کو شامی نے آوٴٹ کیا جبکہ مورکل صرف دو رنز سکور کر کے آوٴٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے آخری آوٴٹ ہونے والے کھلاڑی عمران طاہر تھے جنھوں نے آٹھ رنز بنائے۔2015 کے ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ جیت چکی ہیں تاہم ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھارتی ٹیم آج تک جنوبی افریقہ کو ہرانے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ماضی میں یہ ٹیمیں کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں تین بار 1992، 1999 اور 2011 میں مدِمقابل آ چکی ہیں اور ہر بار فتح کی دیوی جنوبی افریقہ پر ہی مہربان ہوئی۔