تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کی جانب سے آر اوز کے نام خط پر تشویش کا اظہار، الیکشن کمیشن ن سینٹ انتخابات میں حکمران جماعت کو فائدہ پہنچانے کی خاطر قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے،شیری مزاری

پیر 23 فروری 2015 09:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ریٹرننگ افسران کے نام تحریر کیے گئے خط پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سینٹ انتخابات میں حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کو فائدہ پہنچانے کی خاطر قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کے روز اسلام آباد سے جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ 1974کے انتخابی قواعد کی دفعہ 20کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کے اجراء کے بعد ووٹوں میں تبدیلی کا مجاز نہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ2013کے عام انتخابات کے موقع پر بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسران کو خفیہ خط تحریر کیے گئے اور اب بھی اس سال کیے جانے والے خط میں آر اوز کو قواعد نظر انداز کرنے کی تلقین کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نواز سپریم کورٹ پر حملہ کے ذمہ دار چوہدری تنویر کو ایوان بالا کا رکن منتخب کروانا چاہتی ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ اشتراک کے ذریعے قبل از انتخابات دھاندلی میں مصروف ہے۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران یہ معاملہ اٹھانے کا اعلان کیا۔