مولانا عبد العزیز نے سانحہ پشاور پر حملے کے دفاع پر تحریری معذرت کرلی ،لال مسجد کے خطیب کو گرفتار کر نا مشکل کام نہیں ہے ،اپنی توجہ عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن پر مرکوز رکھناچاہتے ہیں ،چوہدری نثار

پیر 23 فروری 2015 09:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2015ء) لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر 16 دسمبر کے دہشت گرد حملے کے دفاع پر تحریری معذرت پولیس کے سامنے جمع کرادی یہ انکشاف وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اپنے تین روزہ دورہ امریکا کے اختتام پر صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا صحافیوں کی جانب سے لال مسجد کے امام کو گرفتار نہ کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت محتاط ہے غیر آمادہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز کو گرفتار کرنا مشکل نہیں مگر ہم اپنی توجہ عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں اس مرحلے پر کوئی اور اقدام تقسیم کا باعث اور عسکریت پسندوں کیلئے فائدہ مند ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لال مسجد میں 2007 کے آپریشن کا ذکر کیا جب پرویز مشرف کی حکومت مولانا عبدالعزیز کو ان کے گاؤں سے واپس لانے اور خصوصی سیکیورٹی فراہم کرنے پر مجبور ہوگئی تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جس پر بعد میں ہمیں نظرثانی کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم انہیں گرفتار کرتے ہیں اور اس کے نتیجے میں کوئی اور المناک سانحہ پیش آجاتا ہے تو اس کے بہت منفی نتائج مرتب ہوں گے تو میرا موقف ہے کہ ہمیں اپنے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنا چاہئے۔