وزیراعظم نواز شریف جتنے بھی اپنے ایمپائروں کے ساتھ میچ فکس کر لیں آزاد کشمیر اور وفاق میں انتخابات ہم جیتیں گے،عمران خان، گلگت بلتستان میں نواز شریف نے اپنا ایمپائر کھڑا کر دیا وہاں پر بھی بھرپور اکثریت حاصل کریں گے۔ گلگت بلتستان کے الیکشن متنازعہ ہو چکے ، نواز شریف نے جو کرکٹ کا حال کیا ہے وہی ملک کا کیا ہے،پریس کانفرنس

پیر 23 فروری 2015 09:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف چاہے جتنے بھی اپنے ایمپائروں کے ساتھ میچ فکس کر لیں آزاد کشمیر اور وفاق میں تمام انتخابات جیتیں گے‘ گلگت بلتستان میں نواز شریف نے اپنا ایمپائر کھڑا کر دیا ہے وہاں پر بھی بھرپور اکثریت حاصل کریں گے۔ گلگت بلتستان کے الیکشن متنازعہ ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے جو کرکٹ کا حال کیا ہے وہی ملک کا حال کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دینگے اور کشمیر کی عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں۔

(جاری ہے)

نئے پاکستان کی بنیاد جو ہم نے رکھی ہے اس کی لہر آزاد کشمیر اور بلوچستان تک پہنچ سکی ہے۔ آزاد کشمیر کو اسلام سے کنٹرول کیا جاتا تھا بیس کیمپ کو کرپشن کیمپ بنا دیا گیا تھا آزاد کشمیر سے دو جماعتی نظام اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے انہوں نے کہا کہ ہم بھی سینٹرلائزیشن کی بات کرتے ہیں۔ دو جماعتوں نے ہمیشہ بلدیاتی الیکشن ملک میں نہیں ہونے دیئے۔

آزاد کشمیر کے اندر دو جماعتی نظام اور موروثی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ فنڈ اور وفاق میں اقتدار میں آنے والی جماعتوں نے ہمیشہ لوگوں کی خرید و فروخت کی ہے اسے ہم اب بند کریں گے۔ بلدیاتی نظام کو گاؤں تک لے کر جائیں گے سندھ اور پنجاب کو پولیس سٹیٹ بنا دیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے الیکشن جیتیں گے اور واضح مارجن سے جیتیں گے کشمیر کے سیاسی اور غیر سیاسی عوام پی ٹی آئی میں شامل ہوں۔

نئے پاکستان کی بنیاد پاکستان میں رکھی ہے اور کشمیری عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کے نواز شریف ہمیشہ اپنے ایمپائروں کے ساتھ میچ فکس کر کے کھیلتے ہیں لیکن اس مرتبہ میچ فکس ہونے کے باوجود میں شکست دوں گا گلگت بلتستان میں نواز شریف نے اپنا متنازعہ ایمپائر کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واحد کیپٹن ہوں جس نے انڈیا کے ایمپائروں کے ساتھ بھارت جا کر اس کی ٹیم کو ہرایا۔

نواز شریف جو مرضی کر لیں آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور وفاق کے الیکشن جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو نواز شریف نے کرکٹ کا حال کیا ہے وہی حال اس نے ملک کا کر دیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گلگت بلتستان میں گورنر،نگران وزیراعلیٰ اور الیکشن کمشنرکی تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان میں ضمنی انتخابات جیتنے کے لئے اپنے ایمپائر کھڑے کر دیئے ، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے ایک دوسرے کی کرپشن چھپانے کے لئے بندربانٹ کر لی ہے اور کرپشن کے الزامات میں ملوث خورشید شاہ کو پبلک اکاؤنٹس کا سربراہ مقرر کر دیا گیا‘ اقتصادی راہداری منصوبے کو خیبرپختونخواہ اور بلوچستان سے نہ گزار کر حکومت ناراض قوموں مزید احساس محرومی میں مبتلا کرے گی جس کے نتائج بہت برے نکلیں گے۔

اسحاق ڈار کے بیٹوں کے پاس 15‘ 15 کروڑ روپے کی ایک ایک گاڑی اور 30 ارب روپے کے دو ٹاور ہیں۔ سینیٹ انتخابات میں باہر کے صوبوں کے لوگوں کو وفاق اور پنجاب میں لایا جا رہا ہے جبکہ سینیٹ انتخابات کی ٹکٹ کے لئے کروڑوں روپے کی ہارس ٹریڈنگ بھی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے رہنماؤں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے سابق چیئرمین بلدیہ محمد تقی‘ ڈاکٹر محمد زمان اور چلاس سے مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر بادام خان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے مسلم لیگ ن کے سابق رہنماؤں کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا کیونکہ جب تک الیکشن 2013ء میں دھاندلی کا احتساب نہیں ہوتا اور دھاندلی کے مرتکب افراد کو سزائیں نہیں ملتی اس وقت تک اگلے الیکشن صاف اور شفاف نہیں ہونگے۔

اب حکومت جوڈیشل کمیشن بنائے یا نہ بنائے لیکن تحریک انصاف 70 لاکھ اضافی ووٹ جو کے مسلم لیگ ن نے 2013ء کے انتخابات میں ڈالے ان کو ثابت کرے گی۔ عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان میں ضمنی انتخابات جیتنے کے لئے 18 ترمیم کے آرٹیکل 7 کی شق نمبر 2 کے خلاف ورزی کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر کو غیر آئینی طور پر تعینات کیا گیا جبکہ اسی طرح وزیراعلیٰ شیر جہاں میر قراقرم بینک کے ملازم ہیں، انہوں نے چیف سیکرٹری سے گلگت بلتستان میں الیکشن کے لئے تین ماہ کی چھٹی لی ہے پھر نواز شریف نے گلگت بلتستان میں 3 کی بجائے 12 کی کیبنٹ تشکیل دے دی جبکہ گلگت بلتستان میں الیکشن کمشنر بھی ن لیگ نے اپنا آدمی رکھا ہے لیکن اب تحریک انصاف دھاندلی برداشت نہیں کرے گی اور تمام غیر آئینی طور پر گلگت بلتستان میں تعینات ہونے والوں کی تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی اور پھر سڑکوں پر بھی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوں کے درمیان کرپشن حوالے سے سمجھوتے ہو چکے ہیں جس کی مثال کرپشن میں ملوث خورشید شاہ کو پبلک اکاؤنٹس کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت نے گلگت بلتستان اور بلوچستان جیسے چھوٹے صوبوں کی عوام کو ان کے حقوق نہیں دیئے جس کی وجہ سے وہاں پر بہت سی قومیں ناراض ہیں اور انہوں نے پاکستان سے علیحدہ ہونے کا بھی فیصلہ کیا ہوا ہے۔

دوسری جانب حکومت بلوچستان اور خیبرپختونخواہ سے اقتصادی راہداری منصوبے کا روٹ نہ گزار کے مزید ان کو احساس محرومی کا شکار بنا رہی ہے۔ اگر فیڈریشن کو بچانا ہے تو چھوٹے صوبوں کو حقوق دینے ہونگے اور ملک کو بلدیاتی نظام کے تحت چلانا ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بھی دھاندلیوں کی تیاری ہو چکی ہے حالانکہ ہر صوبے سے سینیٹ الیکشن میں برابری کی پچیس پچیس سیٹیں ہوتی ہیں لیکن یہاں پر سینیٹ کے اندر اب باہر کے صوبوں کے رہنماؤں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے لایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب سینیٹ انتخابات میں کروڑوں روپے کی سینیٹر بنانے کے لئے بولیاں دی جا رہی ہیں۔ شوکت خانم کی تعمیر کے لئے 15 کروڑ کے عوض ایک شخص نے سینیٹ کے ٹکٹ کا مطالبہ کیا جس کو صاف انکار کر دیا کیونکہ کرپشن سے منتخب ہونے والا سینیٹر قوم کی خدمت نہیں کر سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ملک کے اندر پی آئی اے سے لے کر کرکٹ تک میرٹ نہیں ہے جس کی وجہ سے عوام کو مایوس کن نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیج ٹائم میں ایک آرٹیکل چھپا ہے کہ اسحاق ڈار کے بیٹوں کے پاس 15‘ 15 کروڑ کی ایک ایک گاڑی زیر استعمال ہے جبکہ اسحاق ڈار کے 30 ارب روپے کے دو ٹاور ہیں۔ ملک قرضوں میں ڈوب رہا ہے دوسری جانب 430 ارب روپے کی پاکستانیوں نے 2012-13 کے درمیان جائیدادیں خریدیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں فنڈز کے استعمال کا فیصلہ شفاف انتخابات سے آنے والی حکومت کرے گی نہ کہ غیر آئینی گورنر برجیس طاہر کریں۔

ایک اور سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں ایپکا کے چیئرمین محسن نذیر کو ٹکٹ دینا کوئی بری بات نہیں کیونکہ ہم ملک میں سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور اسے بیروزگاروں کو روزگار ملتا ہے۔ محسن نذیر نے کراچی میں بہت ترقیاتی کام کئے ہیں۔