ملتان میں ناراض شائقین کرکٹ نے قومی ٹیم کا علامتی جنازہ نکال ڈالا،مشتعل شائقین نے کرکٹ کا علامتی جنازہ نکالتے ہوئے سینئیر کھلاڑیوں اور پی سی بی حکام کے خلاف نعرے بازی کی، سابق کرکٹرز نے بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ناقص کارکردگی اور پی سی بی کی غلط فہمیوں کو ذمہ دار ٹھہرا دیا

اتوار 22 فروری 2015 09:00

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2015ء) ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی عبرتناک شکست پر دل گرفتہ شائقین نے کرکٹ کا علامتی جنازہ نکالا اور نجم سیٹھی کا پتلا نذر آتش کرکے اپنی بھڑاس نکالی۔ملتان کے علاقے فاروق آباد میں شائقین نے کرکٹ کا علامتی جنازہ نکالتے ہوئے سینئیر کھلاڑیوں اور پی سی بی حکام کے خلاف نعرے بازی کی، انہوں نے کہا کہ ملک کے لاکھوں شائقین نے رات جاگ کر اس امید پر میچ دیکھا کہ ٹیم بھارت سے ہار کے بعد جیت کے سفر پر گامزن ہوکر قوم کو فتح کا تحفہ دے گی لیکن کوئی بھی کھلاڑی توقعات پر پورا نہ اترا۔

اس موقع پر مشتعل افراد نے پی سی بی کی گورنگ باڈی کے سربراہ نجم سیٹھی کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ پاکستان کی شکست پر سابق کپتان عامر سہیل نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

(جاری ہے)

بورڈ میں موجود کئی مستقل چہروں کو عامر سہیل نے کمیشن مافیا قرار دے دیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی پر سابق کرکٹر عامر سہیل کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں آپریشن کلین اپ کی ضرورت ہے، جو ڈسپلن کی خلاف ورزی کرے اسے باہر نکال دیا جائے، انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں، ٹیم بڑے ناموں سے نہیں جیتتی، پی سی بی کو مافیا چلا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک مافیا ہے پاکستانی عوام آنسو بہاتے رہیں گے، پی سی بی میں کمیشن کھانے والوں کا قبضہ ہے، 18سال سے پی سی بی پر مافیا کا قبضہ ہے، انتخاب عالم،سبحان احمد ، ہارون رشید بورڈ میں کمیشن کھاتے ہیں، انہوں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کرکٹ بورڈسے گند صاف کریں۔ سابق کرکٹرز نے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کی بری طرح شکست کو بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ناقص کارکردگی اور پی سی بی کی غلط فہمیوں کو ذمہ دار ٹھہرا دیا جبک ٹیم میں گروپ بندی اور تنازعات بھی ٹیم کی کارکردگی پر اثر انداز ہورہے ہیں ۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے افسوسناک اور شرمناک کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ پاکستان کی قومی ٹیم نہیں بلکہ محلے کی ٹیم کھیل رہی ہے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم اور بورڈ کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی اور انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اس کی انکوائری کریں قومی ٹیم کی بدانتظامی پر نوٹس لیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ درست تھا مگر اس کے باوجود باؤلنگ ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق کرکٹر وسیم اکرم ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ کے معاملات میں مداخلت کررہے ہیں اس کی بھی انکوائری ہونی چاہیے ۔ لیگ اسپنر دانش کینریا نے کہا کہ پاکستان کی ویسٹ انڈیز سے شکست کی ایک بڑی وجہ ٹیم کے اندر موجود تنازعات ہیں جس کی وجہ سے ٹیم نے میچ میں بہت بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے اندر جو بدنظمی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیاجارہا ہے اس پر بورڈ کو چاہیے کہ وہ ان کھلاڑیوں کو ملک واپس بھیج دے جو نظم و ضبط کی پابندی نہیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی اس شکست کے بعد ٹیم کے ا عتماد میں مزید کمی ہوتی جارہی ہے اور آگے ہونے والے میچوں میں ٹیم کو سخت مشکلات کا سامنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے بعض کھلاڑیوں کی حرکتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں بدنامی ہورہی ہے اور اس کی ذمہ دار ٹیم مینجمنٹ اور پی سی بی پر عائد ہوتی ہے ۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا کہ قومی ٹیم بہتر باؤلنگ سے میچ جیتی رہی ہے مگر اب پاکستان کی موجودہ باؤلنگ کی کارکردگی بہت ناقص نظر آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باؤلنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ اور فیلڈنگ میں بھی ٹیم کی کمزوریاں سامنے آچکی ہیں انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی پلاننگ بہت اچھی تھی جبکہ قومی ٹیم کی پلاننگ میں بہت زیادہ خامیاں نظر آرہی ہیں

متعلقہ عنوان :