جو ہوگیاسوہوگیا،ماضی بھول کراب آگے بڑھنا ہوگا :شہبازشریف،پنجاب کی ہر تحصیل میں 2017ء تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کااعلان،اسلام آباد،راولپنڈی میٹرو بس پراجیکٹ کااگلے ماہ افتتاح ہوگا، دھرنوں اوراحتجاجی سیاست سے قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا، چینی صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہوا ، ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا، دھرنا دینے والوں نے ملک کا احساس کیا نہ عام آدمی کا،ایسے جھوٹے الزمات لگائے گئے جس سے سچ اور جھوٹ کی تمیز ختم ہوگئی،چنیوٹ رجوعہ میں زمین سے ملنے والاقیمتی معدنی خزانہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کی ملکیت ہے اوراللہ تعالیٰ کا خاص تحفہ ہے،عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے، خواتین اراکین پنجاب اسمبلی سے خطاب

اتوار 22 فروری 2015 10:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی کا 50فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے ۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔پاکستان کی خواتین باصلاحیت ،تعلیم یافتہ اورمحنتی ہیں اورپاکستانی خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔

خواتین کو ملک کی تعمیر و ترقی اور پرامن معاشرے کی تشکیل میں بھی اپنابھرپور کردارادا کرنا ہے ۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے اورصوبے کی عوام کی ترقی کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی خواتین اراکین پنجاب اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایم پی اے منشاء اللہ بٹ،سعودمجید اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی پنجاب اسمبلی کی خواتین ارکان اس موقع پر موجودتھیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے خواتین اراکین پنجاب اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برس ہونے والے دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست کے باعث قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا۔

دھرنوں کے باعث چین کے صدر کا ستمبر میں دورہ پاکستان منسوخ ہوا اور چین کے صدر بھارت گئے جہاں انہوں نے اربوں ڈالر کے معاہدے کیے جس سے پاکستانی قوم کو مایوسی ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ہے اوردونوں ملکوں کی دوستی سمندر سے گہری،شہد سے میٹھی ،ہمالیہ سے بلند اورفولاد سے زیادہ مضبوط ہے،دونوں ملکوں کے اتفاق رائے سے اسلام آباد میں ہونے والے توانائی ،انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں میں تعاون کے حوالے سے اربوں ڈالر کے معاہدے بیجنگ میں طے پائے جس کی وجہ صرف اورصرف دھرنا سیاست تھی۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ توانائی، انفراسٹرکچر اوردیگر منصوبوں میں تاخیردھرنوں کے باعث ہوئی اورملک کے ترقی و خوشحالی کے سفر میں دھرنوں نے رخنہ ڈالا۔ قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں نے ملک کا احساس کیا نہ عام آدمی کا۔دھرنوں سے ملکی وقار کو نقصان پہنچایا گیااور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کا عمل بھی رکا۔

دھرنوں میں ایسے جھوٹے الزمات لگائے گئے جس سے سچ اور جھوٹ کی تمیز ختم ہوگئی۔گذشتہ برس ہنگامہ خیزی اور دھرنوں کے ذریعے قوم کو ہیجان میں مبتلا کیاگیا۔ملک کو دہشت گردی ، توانائی کے بحران اوردیگر کئی ایک مسائل کا پہلے ہی سامنا تھا،دھرنوں نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔دھرنا سیاست کرنے والوں نے ملک و قوم کے ساتھ وہ کھیل کھیلا جو دشمن بھی نہیں کھیلتا ۔

وطن عزیز اگرچہ دھرنوں اورطلاطم خیزی سے باہر نکل آیا ہے تاہم دھرنوں کے اثرات دیر تک محسوس ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ترقی کا سفر دوبارہ شروع کیا ہے ،جو ہوگیاسوہوگیا،ماضی بھول کراب آگے بڑھنا ہوگا ۔ چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی تصدیق اللہ تعالیٰ کا پاکستان کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے ۔

مسلم لیگ(ن) کی حکومت کرپشن کے جبڑوں سے قیمتی معدنی ذخائر چھین کر عوام کے سامنے لائی ہے۔دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے اس منصوبے پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی اور اس قیمتی خزانے کو کوڑیوں کے بھاوٴنام نہاد کمپنی کو فروخت کیا لیکن پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے یہ کوشش ناکام بناکرقیمتی خزانے عوام کے سامنے پیش کردےئے ہیں۔چنیوٹ رجوعہ میں ملنے والا خزانہ صرف پنجاب کے 10کروڑ عوام کی ملکیت نہیں بلکہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کی ملکیت ہے اوریہ اللہ تعالیٰ کا خاص تحفہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماہرین کے مطابق خام لوہے اورتانبے کے ذخائردوہزار مربع کلو میٹر تک پھیلے ہوئے ہیں اورانشاء اللہ چینی اورجرمن ماہرین بہت جلد حتمی رپورٹ دیں گے اورمحنت ، امانت اور دیانت سے خام لوہے اورتانبے کے قیمتی ذخائر سے استفادہ کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ونڈ پاور کوریڈورز کی دریافت بہت بڑی خوشخبر ی ہے ۔

ڈنمارک کی کمپنی نے پنجاب کے مختلف مقامات پر ہوا سے بجلی کے حصول کی نشاندہی کی ہے۔کمپنی کے مطابق پنجاب میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی ہوا سے حاصل کی جاسکتی ہے بلاشبہ یہ بھی ایک بہت بڑی پیش رفت ہے اورہم اس منصوبے پرتیزرفتاری سے آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں اپنے وسائل سے پاکستان کا سب سے پہلا اوربڑا سو میگاواٹ کا سولر منصوبہ لگایا ہے جوتقریباً مکمل ہے اوردنیا کی تاریخ میں یہ پہلا سولر منصوبہ ہے جو انتہائی تیزرفتاری سے مکمل کیا گیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے ملک کو درپیش دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے مسئلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے باعث ملک کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے ۔سانحہ پشاور پر آج بھی ہر دل زخمی اورہر آنکھ نم ناک ہے ۔معصوم بچوں کے خون کے طفیل پاکستان کی سیاسی ،عسکری اور مذہبی قیادت دہشتگردی کیخلا ف جنگ میں یکجان دو قالب ہے ۔دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ہی پہلا اور آخری آپشن ہے ۔

پشاور سے کراچی تک پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکسو ہے ۔دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں خواتین کو بھی تاریخی کردارادا کرنا ہے ۔اجتماعی بصیرت اورمشترکہ کاوشوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو فراموش کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔درست سمت میں چلتے رہے تو منزل تک ضرور پہنچیں گے۔پنجاب میں پولیس کی تربیت اورانہیں جدید اسلحہ سے لیس کرنے کیلئے اربوں ر وپے صرف کیے جارہے ہیں ۔

جدید تربیت یافتہ انسداددہشت گردی فورس تشکیل دی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب کی ترقی اورعوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کی ساڑھے چھ برس تک بے لوث خدمت کی ہے ۔صوبے میں میرٹ ،شفافیت اورترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے ۔

کوئی ہم پر ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود، انہیں تعلیم ،صحت اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔2017ء تک پنجاب کی تمام تحصیلوں میں صاف پانی پراجیکٹ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ،کرپشن ،اقرباء پروری جیسے ناسور اورکانٹوں نے پاکستان کے وجود کو زخمی کیا ہے ۔عوام کی مایوسیوں کو خوشیوں اور تکلیفوں کو راحت میں بدلنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کیلئے ہماری سنجیدہ اورمخلصانہ کاوشیں بارآور ثابت ہوں گی۔اس ضمن میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردارادا کرنا ہے ۔

میرا ایمان ہے کہ پاکستان مسائل کی دلدل سے ضرور نکلے گا اورہم اپنی منزل حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو اپنا روزگار سکیم کے تحت50ہزار گاڑیاں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کی جارہی ہے جس کیلئے جنوبی پنجاب کے اضلاع کاکوٹہ بڑھایا گیا ہے،25ارب روپے کا یہ منصوبہ شفافیت اورمیرٹ کا منہ بولتا شاہکار ہے۔”خادم پنجاب گرین روڈپروگرام“ کے تحت دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے پروگرام پر رواں مالی سال15ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ اس پروگرام کے تحت اگلے مالی سال اربوں روپے کے مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ۔اسلام آبادمیٹروبس کامنصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کا افتتاح اگلے ماہ ہورہاہے جبکہ ملتان میں بھی عوام کی سہولت کیلئے میٹروبس کا منصوبہ شروع کیا جارہاہے اوراس منصوبے کا سنگ بنیاد وزیراعظم محمد نوازشریف رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ملکی کمپنیوں سے بات چیت کے ذریعے قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں ۔

پاکستان کی تاریخ میں قومی وسائل کی بچت کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی جو پنجاب حکومت نے گذشتہ ساڑھے چھ برس کے دوران قائم کی ہے،ایک ایک پائی قوم کی امانت ہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے وسائل ان پر صرف کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ محنت اورجدوجہد کاصلہ ضرور دیتا ہے۔ چنیوٹ رجوعہ میں معدنی ذخائر اورونڈ کوریڈورز کی دریافت اسی محنت اورنیک نیتی کا ثمر ہیں ۔

قومیں جستجو،آرزو،محنت اور جدوجہد سے ہی آگے بڑھتی ہیں۔ انشاء اللہ پاکستان بھی اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔خواتین اراکین اسمبلی نے پنجاب کی تیزرفتار ترقی اورفلاح عامہ کے اقدامات پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پنجاب کی ترقی اورخوشحالی کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت محنت ،عزم اورجانفشانی سے پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔شہباز شریف کی محنت،صبر اورکام کرنے کے لگن کا نتیجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قوم کو لوہے اورتانبے کے ذخائر کا قیمتی تحفہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات اورمیرٹ پالیسی کے سود مند نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔