”ہنگو میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی “،آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث اہم دہشت گرد عبد البصیر گرفتار،عبد البصیر نے آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث دہشت گردوں کو خود کش جیکٹس فراہم کی تھیں،گرفتار دہشت گردخودکش جیکٹس اور دستی بم بنانے کا ماہر ہے ،عبد البصیر کے سر قیمت کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی تھی ،سکیورٹی حکام،شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی ، چار اہم دہشت گرد گرفتار،نامعلو م مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی گئی

اتوار 22 فروری 2015 09:48

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2015ء)ہنگو کے علاقے دو آبہ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی سے آرمی پبلک سکول کا اہم دہشت گرد عبد البصیرکو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز حساس اداروں کی رپورٹ پر سکیورٹی فورسز نے ہنگوکے علاقے دو آبہ میں کامیابی کارروائی کرتے ہوئے آرمی پبلک سکول میں دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث اہم ملزم عبد البصیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

عبدالبصیر کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے ہے اور اس کے دو بھائی عبد الحسیب اور فضل بھی تحریک طالبان کے لئے کام کرتے ہیں ۔سکیورٹی حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہنگو کے علاقہ دوآبہ میں کارروائی کے دوران اہم دہشت گرد جس کے سر کی قیمت50 لاکھ روپے مقرر کی گی تھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق عبدالبصیر نامی دہشت گرد نے آرمی پبلک سکول میں حملے کرنے والے دہشت گردوں کو خود کش جیکٹس فراہم کی تھیں ۔

حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گردخودکش جیکٹ تیار کرنے اور دستی بم بنانے کا ماہر ہے۔حکام کے مطابق آرمی پبلک سکول کے حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ادھرشمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران چار اہم دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو علاقے میں چار دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر کارروائی کی گئی تو دو دہشتگرد رزمک بازار سے پکڑے گئے جبکہ دو ایک قریبی کمپاؤنڈ میں روپوش ہوگئے تاہم سکیورٹی فورسز نے علاقے اور کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے کر ان دونوں دہشتگردوں کو بھی گرفتار کرلیا جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا جہاں ان سے تفتیش کی جائے گی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان دہشتگردوں سے اہم معلومات ملنے کا امکان ہے ۔