صوبہ خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی سینیٹ انتخابات میں اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرکے سینیٹ کے انتخابات کو کاروبار سمجھنے والوں کے خواب چکناچور کردیں گے ،سراج الحق

ہفتہ 21 فروری 2015 07:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2015ء)امیر جمات اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی سینیٹ انتخابات میں اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرکے سینیٹ کے انتخابات کو کاروبار سمجھنے والوں کے خواب چکناچور کردیں گے ،ایوان کے اندر احساس پاکر مجھے انتہائی خوشی ہوئی ہے اب وہ دور گذر گیا جب لوگ اراکین اسمبلی کو خرید کر دولت کے بل بوتے پر سینیٹربن جایاکرتے تھے ،سینیٹ انتخابات صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کیلئے بھی عزت و ضمیر کا سوال بن چکا ہے اور عوام کی نظریں اپنے اپنے اراکین اسمبلیوں پر جمی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کے روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی،اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں ،سینیٹ انتخابات کے حوالے سے موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت و گفتگو بھی کی ۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کو دولت کا کھیل سمجھنے والوں کو اب یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ انکی دولت کے مقابلے میں خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی کوہ ہمالیہ سے بھی مضبوط ہیں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے سینیٹر بننے کیلئے اپنی پراپرٹیاں اور قیمتی بنگلے فروخت کر اراکین اسمبلیوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح خرید کر سینیٹر بننے کے خواب سجائے رکھے ہیں تو یہ انکی بھول ہے اور انہیں یہ سمجھ لینا چاہئے کہ خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی انکی دولت بھرے ٹھوکریوں کو ٹھوکر مارکر انکو نشان عبرت بنادینگے،انہوں نے کہا مسلم لیگ کے قائدین نے بھی کھرا جواب دیا ہے کہ ایسے لوگ ناکام رہینگے،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری طریقہ کار کے متعلق مختلف سیاسی قائدین سے تفصیلی بات ہوئی ہے الیکشن کے طریقہ کار پر نظر ثانی کی ضرورت ہے ،ایک غریب آدمی کیلئے سینیٹ میں پہنچناکسی معجزے سے کم نہیں موجودہ صورتحال میں صلاحیت والے لوگوں کا ایوان بالا میں پہنچنا مشکل ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ عمران خان اور خورشید شاہ ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے متناسب نمائندگی کے انتخابی طریقہ کار پر اتفاق کیا ہے ،انہوں نے کہا 63سال سے حکومت اور اسمبلیاں یرغمال ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان دولخت ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ سندہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں صورتحال مختلف ہے یہاں عام لوگ بھی اسمبلیوں میں پہنچ جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی سینیٹ انتخابات میں یہ ثابت کریں گے کہ وہ کوہ ہمالیہ کی طرح ہیں اور کوئی مائی کا لعل سرمائے کی بنیاد پر انہیں نہیں خرید سکتا۔