کراچی، سہراب گوٹھ میں پولیس کا مبینہ مقابلہ ،کالعدم تنظیم کے4کارکن ہلاک،اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ ،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں سیاسی کارکن سمیت3افراد جاں بحق، 2ازخمی

جمعہ 20 فروری 2015 08:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء)کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پولیس کا مبینہ مقابلہ ،کالعدم تنظیم کے4کارکن ہلاک ہو گئے مبینہ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں الاصف اسکوائر کے عقب میں مبینہ مقابلوں سے شہرت حاصل کرنے والے ایس ایس پی ملیر راو انوار نے مبینہ مقابلے میں 4کالعدم تنظیم کے کارکنوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کی ٹیم نے کالعدم تنظیم کے علاقائی عہدایدار قاری عالمگیر کے گھر پر چھاپہ مارا اس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے4ملزمان کو ہلاک کر دیا جن میں3کی شناخت نعمان ،مولانایاسین اور سبحان کے نام سے ہوئی ہے جب کہ ایک مارا جانے والے شخص افغانی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقابلے کے دوران قاری عالمگیر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ میں ٹارگٹڈ کارروائی میں 400 اہلکاروں نے حصہ لیا ہے۔پولیس کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔ ادھرکراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت3افراد جاں بحق اور2ازخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پاکستان بازارتھانے کی حدوداورنگی ٹاوٴن سیکٹر ساڑھے 11 اقبال مارکیٹ میں صدیق اکبر مسجد کے قریب صدیق لسی ہاوٴس کے باہر کھڑے 24 سالہ دانش ولد کلیم اللہ کلیم پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیااور ملزمان فوری طورپر فرار ہوگئے،قریب کھڑے افراد نے فوری طورپر دانش کوعباسی شہیداسپتال منتقل کیا،تاہم دانش زخموں کوتاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول دانش کو سر اور سینے میں دو گولیاں لگی تھی، مقتول دانش عباسی شہید اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں بطور نرسنگ ملازمت کرتا تھا ۔ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی مشتعل افراد نے علاقے میں ہوائی فائرنگ کرکے دکانیں بند کروادی ۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعدلاش اہلخانہ کے حوالے کردی۔کلاکوٹ کے علاقے بے نظیر یونیورسٹی شہنشائی روڈ پر لیاری گینگ وارکے کارندوں نے سر اورکمر پر گولی مار کر 25سالہ نصیر بلوچ ولد محمدبخش کو شدیدزخمی کردیا جس کوفوری طورپرسول اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں نصیربلوچ زخموں کوتاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول نصیر بلوچ کو لیاری گینگ وار صادق گھٹانی اوراسکے کارندوں گولیاں مار ہلاک کیاہے۔مقتول مذکورہ لیاری شیروگ لین نزدمشتاق مسجدکے قریب کا رہائشی تھا ،پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کرہی ہے۔دریں اثناء اتحاد ٹاوٴن کے علاقے بلدیہ سیکٹر بی کچی آبادی مستانہ چوک نزد رحمت عالم مدرسہ کے قریب بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان نے گھر میں سوئے ہوئے 53 سالہ حبیب اللہ ولد حاجی اکبر کے پیٹ میں چھری کے پے در پے وار کرکے شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ، پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے آلہ قتل اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ مقتول نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں ڈرائیور کی ملازمت کرتا تھا ۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔ مقتول کا آبائی تعلق کوہستان سے تھا ۔نارتھ ناظم آباد کے علاقے میٹرک بورڈ آفس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر 30 سالہ جہانگیر ولد یوسف زخمی ہوگیا۔شاہ فیصل کالونی کے علاقے نمبر5میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 40سالہ محمدنعیم زخمی ہوگیاجسکوقریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔