نواز شریف کی حمایت اور صدر کی منظوری سے گورنر بنا ہوں ،چوہدری برجیس طاہر ،متنازعہ معاملات اٹھا کر گلگت بلتستان کے الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، خورشید شاہ کا احترام کرتا ہوں ، میرے متعلق ان کے ریمارکس پر افسوس ہوا ہے ، میرے گورنر بننے سے خون خرابہ نہیں ہوگا ،دیامر بھاشا ڈیم سمیت گلگت بلتستان کے تمام معاملات احسن طریقے سے حل کرونگا ، گلگت میں صاف و شفاف الیکشن ہوں گے ، امن وامان کا مسئلہ بنا کر آزاد کشمیر کے الیکشن کو التواء میں نہیں رکھا جائے گا ۔ گلگت بلتستان کا گورنر بننے کے بعد جی بی ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 20 فروری 2015 08:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان (و گورنر) چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حمایت اور صدر کی منظوری سے گورنر بنا ہوں متنازعہ معاملات اٹھا کر گلگت بلتستان کے الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، خورشید شاہ کا احترام کرتا ہوں ، میرے متعلق ان کے ریمارکس پر افسوس ہوا ہے ، میرے گورنر بننے سے خون خرابہ نہیں ہوگا ،دیامر بھاشا ڈیم سمیت گلگت بلتستان کے تمام معاملات احسن طریقے سے حل کرونگا ، گلگت میں صاف و شفاف الیکشن ہوں گے ، امن وامان کا مسئلہ بنا کر آزاد کشمیر کے الیکشن کو التواء میں نہیں رکھا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان کا گورنر بننے کے بعد جی بی ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے مجھے گورنر بنایا ہے اور میں اس وقت تک گورنر رہوں گا جب تک نواز شریف چاہیں گے ۔ انہوں نے کہ کہ جی بی کے سابق گورنر اپنا گھر سیلف ہائرنگ کے نام پر کرائے کے لئے دیا تھا جس کی وجہ چار ہزار ڈالر کرایہ وصول کرتے رہے ہیں اگر پنڈورا بکس کھولا گیا تو بہت سے لوگوں کے چہرے بے نقاب ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو روز سے میرے خلاف میڈیا میں ہیجان کی کیفیت پیدا کردی گئی ہے انہوں نے کہا کہ سابق گورنر 2013ء تک وفاق کی طرف سے نامزد گورنر تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی حکومت ختم ہونے کے بعد انہیں ازخود مستعفی ہوجانا چاہیے تھا مگر انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا ہم نے مفاہمتی پالیسی کے تحت انہیں دو سال برداشت کیا۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کو مقرر کرنا وزیراعظم کا اختیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کا معاملہ مموجودہ صورتحال میں اہمیت اختیار کرگیا ہے متاثرین کو زمین کی ادائیگی کے سلسلے میں ان کے معاوضے دلائے جائینگے ۔ چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ بحیثیت گورنر میں گلگت بلتستان کے الیکشن میں مداخلت نہیں کرونگا اور صاف و شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کراؤنگا ۔