عسکریت پسندی کو ختم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لائی جا رہی ہے‘ بھارتی وزیر دفاع،ملک کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا‘ تقریب سے خطاب

جمعہ 20 فروری 2015 09:12

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء) بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ ملک کو دفاعی لحاظ سے مضبوط مستحکم بنایا جا رہا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ملک کی ضرورتوں کو پورا کیا جائے گا۔ وزیردفاع کے مطابق ملک کو خودمختاری اور سالمیت کے بارے میں کوئی بھی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہو گا اور کسی کو بھی جارحیت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع منوہر پریکار نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کسی بھی ملک کو بھارت کے خلاف جارحیت اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مضبوط مستحکم ملک کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آ رہا ہے اگرچہ بھارت امن میں یقین رکھتا ہے تاہم ملک کے خلاف کسی بھی جگہ منصوبے بنائے جائیں جارحیت اختیار کرنے کو فروغ دیا جائے بھارت کیلئے یہ ناقابل برداشت ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیردفاع نے کہا کہ ملک میں حالات‘ امن و امان میں دن بدن بہتری آتی جا رہی ہے تاہم عسکریت کو کچلنے کیلئے کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا جائے گا اور عسکریت کا قلع قمع کرنے کیلئے سنجیدہ نوعیت کے اقدامات اٹھانے میں بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہم تمام ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کے متمنی ہیں تاہم اسے ہماری کمزوری تصور نہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :