الیکشن کمیشن کے باہر پیسے کے پہاڑ دیکھے ، سینیٹ انتخابات میں پیسے کا عمل دخل روکاجائے،سراج ا لحق،ابھی تک لوگ گزشتہ انتخابات کے نتائج کو نہیں بھولے، صوبائی اسمبلیوں کو مویشی منڈیوں میں تبدیل کرکے سیاست و جمہوریت کو تجارت بنادیاگیا، عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری، جو عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے انہیں حکمرانی کا بھی کوئی حق حاصل نہیں، ہمیں امریکی پالیسیوں سے جان چھڑانا ہوگی تبھی ملک میں امن قائم ہوگا، مشرف کی پالیسیوں کے باعث ملک آج تک جل رہاہے،امیر جماعت اسلامی ، قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سے دہشت گرد ی کا جڑ سے خاتمہ کرینگے ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، گزشتہ 15سالوں میں کوئی فیصلہ ملکی مفاد میں نہیں ہوا ،مسئلہ قانون کرایہ داری حل کرینگے،مرتضی جاوید ، دہشت گردوں سے یتیم و لاوارث بچو ں کا ہتھیار چھیننا ہوگا، چیئرمین سویٹ ہوم زمرد خان ، امسال بھی بہترین حج کرائینگے، وفاقی دارالحکومت میں نظام صلوٰة رائج کرنے کیلئے تاجر برادری تعاون کرے، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف و دیگر کا تقریب سے خطاب

جمعہ 20 فروری 2015 08:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2015ء)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے باہر پیسے کے پہاڑ دیکھے ہیں، الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتاہوں کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے کا عمل دخل روکیں، ابھی تک لوگ گزشتہ انتخابات کے نتائج کو نہیں بھولے، صوبائی اسمبلیوں کو مویشی منڈیوں میں تبدیل کرکے سیاست و جمہوریت کو تجارت بنادیاگیاہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری، جو عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے انہیں حکمرانی کا بھی کوئی حق حاصل نہیں، ہمیں امریکی پالیسیوں سے جان چھڑانا ہوگی تبھی ملک میں امن قائم ہوگا، مشرف کی پالیسیوں کے باعث ملک آج تک جل رہاہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی نے کہاہے کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سے دہشت گرد ی کا جڑ سے خاتمہ کرینگے ،افسوس گزشتہ 15سالوں میں قومی مفاد میں فیصلے نہیں ہوئے،قانون کرایہ داری کا مسئلہ حل کرینگے، زمرد خان نے کہاہے کہ ہمیں دہشت گردوں سے یتیم و لاوارث بچو ں کا ہتھیار چھیننا ہوگا، انہی بچوں کوخود کش حملوں میں استعمال کرکے دہشت گرد ہمارے بچے یتیم کررہے ہیں، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاہے کہ امسال بھی بہترین حج کرائینگے، وفاقی دارالحکومت میں نظام صلوٰة رائج کرنے کیلئے تاجر برادری تعاون کرے، تاجروں کے مسائل حل کرائینگے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز اسلام آباد میں چند روزآتشزدگی کا نشانہ بننے انجمن تاجران کے صدر چودھری کاشف کی الصفا بیکرز کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا۔تقریب میں امیر جماعت اسلامی سردار محمد یوسف، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سویٹس ہوم کے چیئرمین زمردخان، سی ڈی اے ایمپلائز یونین کے چیئرمین چودھری یاسین، ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ سمیت تاجر برادری کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت میں تاجروں کا نقصان ہوگیا مگر حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی تو اگر ملک کے دیگر حصوں میں تاجروں پر کوئی افتاد آپڑے تو کیسے یقین کیا جاسکتاہے کہ حکمران غریبوں کی شنوائی کرینگے۔ انہوں نے ملک کی موجودہ صورتحال پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوا م کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ہمیں امریکی دوستی سے کچھ نہیں ملے گا، امریکہ اور اس کے دوستو ں کی پالیسیوں پر عملدرآمد کے با عث آج 56ہزار افراد شہید ہوچکے ، پشاور کے بعد شکار پور، راولپنڈی، حیات آباد اور اب پھر اسلام آبا د میں دہشت گردی کے المناک حادثے ہوگئے کوئی شخص محفوظ نہیں ہے، عوام اپنے تحفظ کیلئے خا دار تاریں اور چوکیدار رکھنے پر مجبور ہیں۔

جب تک اس قوم کے حکمران سوئے رہیں گے عوا م کو سکون نہیں ملے گا ، میاں نوازشریف سمیت وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو تحفظ فراہم کریں جو عوا م کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتا اسے قوم پر حکمرانی کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سودی نظام کیخلاف جنگ کررہے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اسلامی بینکاری لاکر سودی نظام سے عوام کی جان چھڑائی جائے ۔

سابق دور حکومت میں میاں نوازشریف نے جمعہ کی چھٹی محض اس لئے کی کہ یورپ میں اتوار کے روز چھٹی کے باعث ترقی ہوئی لیکن میاں صاحب بتائیں کہ گزشتہ برسوں کی نسبت ہم نے کون سی ترقی کی منازل طے کی ہیں ہم برسر اقتدار آتے ہی جمعہ کی چھٹی بحال اور سودی نظام کا خاتمہ کرینگے۔ انہوں نے سینیٹ انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پوری دنیا میں سینیٹ میں باصلاحیت لوگوں کو منتخب کرایا جاتاہے لیکن افسوس یہاں سیاست و جمہوریت کو تجارت بنادیاگیاہے ، الیکشن کمیشن کے باہر پیسوں کے پہاڑ دیکھے ہیں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتاہوں کہ 11مئی 2013ء کے انتخابی نتائج کو لوگ نہیں بھول پائے اور انہوں نے دھرنے دیئے جبکہ ہم نے مصالحت کیلئے کردار ادا کیا اور اب بھی کررہے ہیں اس لئے وہ سینیٹ انتخابات میں پیسے کا عمل دخل ختم کریں صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کو منڈی مویشیاں میں تبدیل کرکے بولیاں لگائی جارہی ہیں 18کروڑ عوام سے اپیل ہے کہ اس سودے بازی کے خلاف منتخب اراکین صوبائی اسمبلیوں کے گھروں کے باہر دھرنے دیں تاکہ ملک میں شفاف جمہوری نظام کو بحال کیا جاسکے کیونکہ جو شخص 10کروڑ روپے خرچ کرکے سینیٹ کا ممبرمنتخب ہوگا پھر وہ اسے دس سے ضرب لگا کر اتنے ہی کرپشن کے ذریعے وصول کرے گا میرٹ پر فیصلے ہونے چاہئیں مگر افسوس سیاسی جماعتیں اپنے کارکنوں کی بجائے بینک بیلنس والے افراد کو ٹکٹ دے کر آگے لارہی ہیں۔

انہوں نے آخر میں تاجر برادری سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ہر مشکل وقت میں تاجر برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی نے کہاہے کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سے دہشت گرد ی کا جڑ سے خاتمہ کرینگے ،افسوس گزشتہ 15سالوں میں قومی مفاد میں فیصلے نہیں ہوئے لیکن موجودہ حکومت نے اس سلسلے میں اہم اقدامات اٹھائے جائیں، ریاست کا کام عوام کے جان ومال کا تحفظ ہے اور اس سلسلے میں حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی۔

انہوں نے تاجروں کو قانون کرایہ داری کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ اب ان کا یہ معاملہ سرد خانے میں نہیں رہے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما و سویٹ ہوم کے چیئرمین زمرد خان نے کہاہے کہ ہمیں دہشت گردوں سے یتیم و لاوارث بچو ں کا ہتھیار چھیننا ہوگا کیونکہ انہی بچوں کوخود کش حملوں میں استعمال کرکے دہشت گرد ہمارے بچے یتیم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان یتیم بچوں کی دعاؤں سے مجھے اسلام آباد میں سکندر نامی شرپسند پر قابو پانے میں حوصلہ ملا اور میری جان ان کی گولی سے محفوظ رہی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت تاجرو ں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ امسال بھی بہترین حج کرائینگے۔انہوں نے نماز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی دارالحکومت میں نظام صلوٰة رائج کرنے کیلئے تاجر برادری تعاون کرے ۔ تقریب سے چودھری کاشف، نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، سی ڈی اے یونین کے چیئرمین چودھری محمد یاسین ، زبیر فاروق سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔